موٹی گردن والوں کیخلاف کچھ نہیں ہوگا:تھنک ٹینک

موٹی گردن والوں کیخلاف کچھ نہیں ہوگا:تھنک ٹینک

کسی غریب کے گھر چھاپہ میں مزاحمت پرپولیس نے حشر کر دینا تھا:ایاز امیر ریاست کمزور :ہارون الرشید،مزاحمت کا کہنے والا حمزہ کادشمن ہے :خاور گھمن حمزہ کو پکڑاکیوں نہیں گیا؟ڈیل کا تاثر ختم کرنے کیلئے کارروائی ہوئی:سلمان غنی

لاہور(دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ یہ معاشرہ ایلیٹ کلاس کا معاشرہ ہے ، موٹی گردن والوں کے خلاف اس ملک میں کچھ نہیں ہوگا۔ پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا احتساب کا نعرہ غازی جنرل ضیا الحق نے لگایا تھا ، نیب والے حمزہ شہباز کوپکڑنے گئے تھے ہوا کیا ؟ یہی چھاپہ گوالمنڈی کے کسی محلے میں غریب کے گھر پر ماراجاتا اور وہاں مزاحمت ہوتی تو پولیس نے وہاں غریب کا برا حشر کردینا تھا۔ احتساب وہاں ہوتا ہے جس کے پیچھے سیاسی سمت ہو کہ پکڑنا کس کو ہے لیکن یہاں سیاسی سمت موجود نہیں ہے ۔ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کی ہے ، انکے جو اثرات بیورو کریسی اور عدالتوں پر ہیں اسے سب جانتے ہیں۔ اب یہ ریاست کمزور ہے ، آج حمزہ شہباز نے مزاحمت کی ہے ، کل کوئی ایم این اے بھی کرے گا۔سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف کو پکڑا کیوں نہیں گیا؟ یہ ایک توجہ ہٹانے کی کوشش تھی کیونکہ کچھ دنوں سے ڈیل ہوجانے کی باتیں ہورہی تھیں اور ڈیل کا تاثر ختم کرنے کیلئے ہی یہ کارروائی کی گئی ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ جس کسی نے بھی حمزہ شہباز کو مزاحمت کا مشورہ دیا ہے وہ ان کا بڑا دشمن ہے ۔ خبر یہ ہے کہ آصف زرداری پیسہ دیں گے اور توقع ہے کہ شریف خاندان سے بھی پیسہ ملے گا۔ پیسہ آرہا ہے لیکن کتنا آئے گا یہ وقت بتائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں