دشمن فرقہ وارانہ پھوٹ ڈالناچاہتاہے ،تھنک ٹینک
غریب آدمی مارا جاتا ہے ، ایاز امیر ، بلاول دباؤ ڈال رہے ہیں ،خاور گھمن بھارت خود اپنادشمن ، انتہا پسند کبھی اپنی قوم کوفائدہ نہیں پہنچاتے ،ہارون الرشید بلوچستان کے حالات پر بہت حد تک قابو پالیا گیا،سلمان غنی کی پروگرام میں گفتگو
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ کوئٹہ میں پھر دہشت گردی کا واقعہ ہوا ،اب تو کچھ کہنے کے لئے الفاظ بھی ختم ہوچکے ہیں ،صرف رسمی کلمات ہیں ، اصل درد وہی لوگ جانتے ہیں جن کے عزیز شہید یا زخمی ہوئے ہیں ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک’’میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاقتور لوگوں پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتاہے ،صرف غریب آدمی مارا جاتاہے ۔ وکلا کو بھی سلیوٹ کرنا چاہیے کہ بڑے سے بڑے معاشی دہشتگرد کی بھی وکالت کیلئے تیار ہوجاتے ہیں۔ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہاہے کہ میں لاہور ہائیکورٹ کو اتنا خراج تحسین پیش کرچکاہوں کہ اس میں کوئی اضافہ نہیں کرسکتا ، ہر شخص جو بے گناہ ہے اس کولاہور ہائیکورٹ جانا چاہیے ، انصاف کا ایک دریا ہے جو بہہ رہا ، حنیف عباسی بے گناہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی رائے عامہ کو اتنا مشتعل کیا جاچکا ہے کہ کوئی حادثہ ہی ان کو سمجھا سکتاہے ۔ بھارت خود ہی اپنادشمن ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ انتہا پسند کبھی اپنی قوم اور ملک کوفائدہ نہیں پہنچایا کرتے ۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ ہزارہ کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے ، دشمن فرقہ وارانہ پھوٹ ڈالناچاہتاہے لیکن پاکستانی قوم نے کبھی اس تقسیم کو قبول نہیں کیا۔انہو ں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان میں کوئی دن نہیں جاتا تھا جب کوئی نہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہ ہو لیکن اب بڑی حد تک اس پر قابو پالیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا جس طرح ہم سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں ، اسی طرح پولیس والوں کو بھی ٹارگٹ کرتے ہیں جس سے ان کی کارکردگی پر اثر پڑتاہے ۔انہوں نے کہا کے بلوچستان کے حالات پر بہت حد تک قابو پالیا گیاہے ، اس میں پولیس اور فوج کا کردار ہے ۔تجزیہ کار،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ بلاول بھٹو اسی حوالے سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ ہوجائے اور جو کیس بنے ہوئے ہیں ، اس سے ریلیف مل سکے ۔