خیبرپختونخوامیں یکم محرم کو تعطیل
حکومت خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی طرف سے چاند دیکھنے کے اعلان کے بعد یکم محرم الحرام 1441 ہجری کو عام تعطیل ہوگی۔
پشاور،کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں)حکومت خیبر پختونخوا نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی طرف سے چاند دیکھنے کے اعلان کے بعد یکم محرم الحرام 1441 ہجری کو عام تعطیل ہوگی۔ اس امر کا اعلان حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا ۔ادھرحکومت بلوچستان نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی ، پابندی کا اطلاق یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔ ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ پر بندی عائد کی گئی ہے ۔سرکاری اعلامیے کے مطابق ماتمی جلوسوں کی راستے اور امام بارگاہوں کے قریب کی دکانو ں اورمکانات کی انتظامیہ سے اجازت لئے بغیر کرایہ داری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہرقسم کے نفرت انگیز مواد ، کتابیں ، میگزین اور کیسٹس کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ماتمی جلوس کے دوران ہر قسم کے بھکاریوں اور بھیک مانگنے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ شعلہ بیانی اور نفرت انگیز تقاریر کرنے والے 4 علماکی کوئٹہ میں داخلے پر بھی 10 دن تک پابندی ہوگی۔