فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کو زیادہ نمبر دینے کی انکوائری
صوبائی وزیر کالونیرز فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کو پریکٹیکل کے نمبر دینے کے معاملے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے انکوائری کمیٹی قائم کردی
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر کالونیرز فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کو پریکٹیکل کے نمبر دینے کے معاملے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے انکوائری کمیٹی قائم کردی جس کی نگرانی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کے پرنسپل غلام محمد جھگڑ کو سونپی گئی ہے ،24گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی گئی، بتایا گیاہے کہ صوبائی وزیر کالونیزفیض الحسن چوہان کے بیٹے فہد حسن نے رول نمبر759301کے تحت انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات میں حصہ لیا اور 789نمبرز کے ساتھ امتحان کو پاس کیا،بورڈ نے صوبائی وزیر کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبروں میں سب ایگزامینر اور ہیڈ ایگزامینرکے دیئے ہوئے نمبروں میں فرق ہونے کا شبہ ہونے پرنتیجہ روک دیا ۔بعدازاں مبینہ طور پر مداخلت ہونے پر بورڈ حکام نے متعلقہ ہیڈ ایگزامینر کو آفس بلاکر کٹنگ کا جواب طلب کیا اور پھر نتائج جاری کئے ، ترجمان بورڈ ارسلان چیمہ نے بتایا کہ صوبائی وزیر نے خود چیئرمین کو درخواست بھجوائی ہے کہ وہ چھان بین کریں ،چیئرمین خود بھی انکوائری کرانے کے حق میں تھے جس کی وجہ سے انکوائری کرائی جارہی ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں ۔دریں اثناصوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ میرے بیٹے کو بورڈ کے قوانین اور آئین کے مطابق نمبر دیئے گئے ،حلفاً کہتا ہوں چیئرمین سمیت بورڈ کے کسی عہدیدار پر دباؤ نہیں ڈالا ، میرے بھائی بریگیڈیئر ریاض راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین کے امیدوار تھے ،میں نے اپنے سگے بھائی کی سفارش کرنے سے انکار کیا، راجہ یاسر ہمایوں اور مومن علی آغا سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اس بات کے گواہ ہیں ۔