دنیا بھر سے 50ہزار سکھ پاکستان پہنچ رہے ہیں ، بھارت سے آمد شروع

دنیا بھر سے 50ہزار سکھ پاکستان پہنچ  رہے ہیں ، بھارت سے آمد شروع

بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 50 ہزار کے لگ بھگ سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے ، بھارت سے سکھ یاتری پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے

لاہور(نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک)بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے 50 ہزار کے لگ بھگ سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے ، بھارت سے سکھ یاتری پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ۔ننکانہ صاحب کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماضی میں تین سے پانچ ہزار تک سکھ یاتری ان تقریبات میں شرکت کیلئے آیا کرتے تھے لیکن اس بار یاتریوں کی ریکارڈ تعداد متوقع ہے ۔ یورپ سے بس کے ذریعے آنے والا سکھوں کا ایک امن وفد بھی ننکانہ صاحب پہنچ چکا ہے ۔منگل کو جب بھارت سے آنیوالے سکھ یاتری واہگہ کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تو ان کو چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی طرف سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سر دار ستونت سنگھ ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گو ندل ،ترجمان بورڈ عامر حسین ہا شمی و دیگر سکھ رہنما وافسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔شرمنی گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر گرومیت سنگھ بوس نے کہا ہمیں یہا ں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے ،عمران خان نے وہ کام کر دکھایا جس کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی ،ہم امن و بھائی چارے کا پیغا م لے کر آئے ہیں۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ عامر احمد نے کہا 550 ویں جنم دن کی مرکزی تقریب 12 نومبر کو ننکانہ صاحب میں ہو گی ،مہمانوں کو فول پروف سکیورٹی اور مکمل سہولیات دی جائیں گی ۔دس روزہ قیام کے دوران سکھ یاتری کرتارپور صاحب میں راہداری کی افتتاحی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں