پنجاب:ایک سال میں افسروں، کمپنیوں سے 24ارب ریکور
4ہزارسے زائد آڈٹ پیراز سیٹل ، 280 سرکاری ملازموں، نجی اداروں سے رقم واپس لی کرپشن کیخلاف سخت ایکشن کے حکومتی ویژن پر عمل کیا:ایڈیشنل چیف سیکرٹری
لاہور (محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے سابقہ ادوار میں کرپشن کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 280 افسروں ، ملازموں اور نجی اداروں سے 24 ارب روپے ریکور کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروا دئیے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سردار اعجاز احمد نے ایک سال میں 52 اجلاس کیے اور آڈٹ پیراز پر ایکشن لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی۔ محکمہ آبپاشی، مواصلات ،ہاؤسنگ، بلدیات، صحت، خزانہ سمیت 33 محکموں کے افسروں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق لوٹ مار کرنے والی کمپنیز اور افسروں سے ایک برس کے دوران ریکوری میں 8 گنا اضافہ ہوا۔ 1977 سے 2018 تک 51 سالوں میں صرف 12 ارب روپے جبکہ پی ٹی آئی حکومت کے ایک برس2018 سے 2019 کے دوران 24 ارب38 کروڑ 20 ہزار روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی اور 4ہزار 1سو چھیالیس آڈٹ پیرے سیٹل کئے گئے ۔ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ محکمے کی کارکردگی کو زبردست قرار دیدیا ۔ اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سردار اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کا ویژن ہے کہ جس نے کرپشن کی یا لوٹ مار کی ہے ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ، اسی پالیسی کے تحت ہم نے تاریخی ریکوری کر کے خزانہ میں رقم جمع کرائی۔