ماہرین نے مستقبل میں زلزلوں کے خدشات ظاہر کر دیئے
کوہ ہندوکش میں زیرزمین ارضیاتی تبدیلی تیزی سے رونما ہورہی ہے ہندوکش میں تین بڑی فالٹ لائنز موجود ہیں، ماہر ارضیات ڈاکٹر عامر
لاہور(سہیل احمد قیصر)کوہ ہندوکش میں زیرزمین ارضیاتی تبدیلی تیزی سے رونما ہورہی ہے جس کے باعث ماہرین نے مستقبل میں زلزلوں کی تعداد میں اضافے کے خدشات ظاہر کردیئے ۔واضح رہے کہ2019 کے دوران 256 زلزے آئے ۔سب سے زیادہ زلزلے ماہ اگست کے دوران آئے جن کی تعداد 32 رہی۔ کوہ ہندوکش زلزلوں کا بڑا مرکز رہا۔ اس حوالے سے ماہر ارضیات ڈاکٹر عامر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوہ ہندوکش زلزلوں کا بڑا مرکز رہاہے جہاں اس وقت تین بڑی فالٹ لائنز آکر مل رہی ہیں، جب بھی ایک فالٹ لائن ایکٹو ہوتی ہے تو دوسری دو فالٹ لائنز بھی متاثر ہوتی ہیں جس کے باعث کوہ ہندوکش میں زلزلے کے اثرات وسیع رقبے پر محسوس کیے جاتے ہیں۔ زیرزمین ارضیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ڈاکٹر عامر نے قرار دیا کہ مستقبل میں زلزلوں کی تعداد میں اضافے کے خدشات پوری شدت کے ساتھ موجود ہیں جن کے حوالے سے ہمیں ابھی سے سوچنا ہوگا۔