ایران خطے میں کوئی اقدام ضرور کریگا:تھنک ٹینک

 ایران خطے میں کوئی اقدام ضرور کریگا:تھنک ٹینک

ہماری پارلیمنٹ نے امریکی حملے پر ایک لفظ نہ کہا، وزیر اعظم بھی خاموش:ایاز امیر ایران جنگ نہیں چاہتا، امریکا بھی جانتا ہے خطہ اس کا متحمل نہیں :حسن عسکری بڑی تبدیلی نہیں آئیگی:خاور گھمن، عوامی مسائل کا حل ڈھونڈا جائے :سلمان غنی

لاہور (دنیا نیوز)تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ کل ووٹ کو عزت دو کی بات کرنیوالوں کو آرمی ایکٹ میں ترمیم کا کہا جائے تو وہ سر کے بل کھڑے ہوکر یہ بل پاس کردیں گے ۔پروگرام تھنک ٹینکمیں میزبان سیدہ عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارلیمنٹ سے امریکی حملے اور جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر ایک لفظ بھی نہیں نکلا جبکہ وزیر اعظم عمران خان بھی معاملے پر خاموش ہیں ۔ روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر،تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے یکجہتی دکھانی چاہیے ۔آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ 15 جنوری تک جانے کا امکان ہے ۔ ماہر سیاسیات ،تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اینٹی امریکا رجحانات مضبوط ہونگے ۔ایران کی جانب سے خطے میں کوئی اقدام ضرور کیاجائے گا چاہے اب ہو یاایک ماہ بعدہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی جنگ نہیں چاہتا اورامریکا بھی جانتا ہے کہ یہ خطہ ایک بڑی جنگ کامتحمل نہیں ہوسکتا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی وزیر خارجہ سے بات کرنا اچھا اقدام ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوزکے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ میرے خیال میں آنے والے دنوں میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آنیوالی،معاملات اسی طرح چلتے رہیں گے ،سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو عزت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کوئی تجویز دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ بل 2 دن میں پاس کیا جانا چاہئے یا 3 دن میں پاس ہو جبکہ جے یو آئی اور جماعت اسلامی کو 2 چار سیٹیں مل جائیں تو ان کا بیانیہ بھی تبدیل ہوجائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں