لگتا ہے حکومت نے مہنگائی کم کرنے کیلئے کمر باندھ لی
مارکیٹ میں یوٹیلیٹی سٹورز کا حصہ 8سے 10فیصد ،چیئرمین،دنیا کامران خان کیساتھ
لاہور(دنیا نیوز)میزبان "دنیا کامران خان کے ساتھ"کا کہنا ہے کہ لگتا ہے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے کیلئے کمر باندھ لی ہے اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ مہنگائی کو قابو میں لایا جائے ،اس کے ابتدائی اثرات بھی نظر آرہے ہیں، ایک جانب وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور سمگلنگ کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے اور اس کیلئے انٹیلی جنس اداروں کی بھی مدد مانگی ہے ، دوسری جانب انہوں نے کھانے پینے کی اشیا کو 20فیصد تک سستی کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،اس کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز میں عوام کو سستے داموں آٹا ،گھی اور دالوں کی دستیابی شروع ہو چکی ہے ،چار ہزار یوٹیلیٹی سٹورز غریبوں کا سہارا بن سکتے ہیں ۔ میزبان کے بقول یہ ایک ٹھوس قدم ہے جس سے بہتری آرہی ہے ۔ پچھلے ہفتے عمران خان نے کابینہ کی منظوری سے 15ارب روپے کا پیکیج دیا تھا جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز 5 ماہ کیلئے دو ارب روپے اور ماہ رمضان المبارک میں 5ارب روپے کی سبسڈی دیں گے ۔ہم نے کراچی اور لاہور میں سروے کیا جس سے ظاہر ہوا کہ بنیادی اشیا یقیناً بازار سے سستی ہیں ،ان اشیا کی کوالٹی مناسب اور فراہمی بھی بہتر ہے ، ہمارے نمائندوں نے کئی یوٹیلیٹی سٹورز کا دورہ کیا جہاں عوام کا ملا جلا رد عمل دیکھا گیا ۔ یوٹیلیٹی سٹورز میں سامان ہے مگر خریدار کم ہیں ۔مجموعی طور پر یہ دیکھا گیا کہ چینی کا ایشو ہے ،چینی ہر یوٹیلیٹی سٹور پر موجود نہیں ۔یقیناً کچھ بنیادی اشیا کی قیمتوں میں بازار کے مقابلے میں فرق ہے لیکن ایک عام آدمی کی تسلی نہیں ہو پاتی ،یہی وجہ ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کا بہت زیادہ رش نظر نہیں آرہا۔اس حوالے سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا پاکستان کی مجموعی مارکیٹ میں ہمارا حصہ 8سے 10فیصد ہے ہمیں ابھی تک 15ارب روپے کے پیکیج کے فنڈز منتقل نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ہم مزید اشیا کی خریداری نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہا حکومت نے جوریلیف دیا ہے وہ تمام اشیا پر نہیں ،آٹے ،گھی ،چینی، چاول اور دالوں پر دیا گیا ہے ملک بھر میں آٹا 40روپے کلو کے حساب سے دیا جا رہا ہے ، گھی کی قیمت 170روپے کلو ، چینی کی فی کلو قیمت 68روپے ہے ، چاول 70۔110اور 140روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔