گورنر ہائوس میں شادی،فوٹو شوٹ کیلئے بزنس پلان جاری

گورنر ہائوس میں شادی،فوٹو شوٹ کیلئے بزنس پلان جاری

شادی کا فوٹو شوٹ50ہزار،کمرشل فوٹو شوٹ 10لاکھ روپے میں ہوسکے گا لان میں تقریب پر10لاکھ،دربار ہال میں 5 لاکھ لگیں گے ،چودھری سرور

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )گورنرہائوس میں شادی ،فوٹو شوٹ کیلئے بزنس پلان جاری کردیاگیا۔لاہورمیں پر یس کانفر نس کے دوران گور نر چودھری محمدسرور نے بزنس پلان کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹرگور نر ہاؤس لان میں 10لاکھ روپے اوردر بار ہال میں 5لاکھ روپے سے کوئی بھی تقر یب کر سکے گا۔شادی فوٹو شوٹ50ہزار اور کمر شل فوٹو شوٹ کے چارجز10لاکھ روپے ہوں گے ۔ہفتہ اور اتوار کے روز گور نر ہاؤس میں گائیڈٖڈٹورز بھی ہوسکیں گے ۔کسی بھی تقریب کی بکنگ آن لائن گور نر ہاؤس کی ویب سائٹ کے ذریعے ہوسکے گی ،انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کر یں گے گور نر ہاؤس کے اخر اجات کو بزنس پلان کے ذریعے پورا کیا جائے ۔بزنس پلان کے تحت سیاسی جماعتوں کو گور نر ہاؤس میں تقریبات کی اجازت نہیں دیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ بزنس پلان کے تحت بکنگ گور نر ہاؤس کی ویب سائٹ www.governorhouse.punjab.gov.pkسے کی جائیگی اور ویب سائٹس پر جب بھی کوئی پروگرام کیلئے رابطہ کر یگا تواسکے بعد گور نر ہاؤس کا عملہ خود ان سے رابطہ کر کے تمام معاملات کو حتمی شکل دے گا مگر پیسے بینک کے ذریعے حکومت کے اکاؤنٹ میں ہی جمع ہوں گے ۔گور نر ہاؤس کسی بھی شخص یا کمپنی سے نقد رقم وصول نہیں کر یگا۔ شادی فوٹو شوٹ کیلئے 2گھنٹے کا وقت دیا جائیگا اور اسکے چارجز 50ہزارہوں گے اور گور نر ہاؤس پویلین میں کمر شل ویڈیو شوٹنگ کے چارجز50لاکھ روپے ہوں گے ہفتہ اور اتوار کے روز 10/10افراد کے گروپس 1گھنٹے کیلئے فی کس 2ہزار روپے دیکر گائیڈیڈٹورز کر سکیں گے جبکہ غیر ملکیوں کی چارجز فی کس6ہزار روپے ہوں گے جس میں انکو چائے اور کافی بھی دی جائیگی جبکہ گور نر ہاؤس میں رفاعی اداروں کیلئے کسی بھی پروگرام کے چارجز50فیصد کم ہوں گے ۔ ہفتہ اور اتوار کے روز سیر کیلئے آنیوالے افراد کیلئے کینٹین بنا رہے ہیں جہاں کھانے پینے کی اشیا موجود ہونگی۔ جب سے تحر یک انصاف کی حکومت آئی ہے 4لاکھ افراد گور نر ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ رمضان المبارک میں افطاریوں میں آنیوالے افراد کی تعداد بھی2لاکھ سے زائد ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں