پاکستان دنیا کے مقابلے میں کافی حد تک کورونا سے محفوظ
کاروبار پر کورونا کے اثرات ہو رہے ہیں ،عمران خان بھی بزنس کو سہارا دیں گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا چاہئے ،رزاق داؤد ، دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو
لاہور(دنیا نیوز)میزبان " دنیا کامران خان کے ساتھ " کا کہنا ہے کہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ پاکستان کورونا وائرس سے دنیا کے مقابلے میں کافی حد تک محفوظ ہے ، مگر کاروبار پر کورونا وائرس کے اثرات ہو رہے ہیں ،تمام ممالک کے مرکزی بینک مراعاتی پیکیج دے رہے ہیں ۔ مرکزی بینک شرح سود کم کر رہے ہیں ، بینکوں کو آسانی فراہم کر رہے ہیں ،قرضوں میں رعایت اور ٹیکسوں میں چھوٹ دی جا رہی ہے ،پاکستان کو بھی اس ماحول کو دیکھنا ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے بہترین معاشی مستقبل کو کمزور نہ ہونے دیں ،عمران خان بھی بزنس اور سٹاک مارکیٹ کو سہارا دیں ، حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنا ہوں گے ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رزاق دائودنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی صورتحال میں گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا چاہئے ،ہمیں سوچ سمجھ کر کام کرنا چاہئے ۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں حکومت کے پاس موجود آپشنز پر گفتگو کی ہے ہمارے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ تیل کی قیمتیں گر گئی ہیں حکومت کی اس حوالے سے کیا حکمت عملی ہو گی،ان تمام آپشنز پر بات ہوئی ہے انشا اللہ چند دنوں میں ایک پالیسی بنے گی اس میں رسک بھی ہے اور فائدہ بھی ہے اس قسم کی مشکل صورتحال میں ہمیں مواقع بھی ملتے ہیں لیکن جذبات سے کام نہیں لینا چاہئے ہم سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے زیادہ توجہ دینا پڑے گی۔ وہ اس بات کا اندازہ لگا رہے ہیں کہ ہمیں کوروناوائرس سے کتنا نقصان ہوا ہے ،ان کا کہنا تھا برآمدات بڑھیں گی تو صنعتیں بھی لگیں گی اور روزگار بھی بڑھے گا۔