نیب نے چغتائی لیب سے کورونا ٹیسٹ فیس 50 فیصد کمی کرا لی:ترجمان
چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کے احکامات پر نیب لاہور نے پرائیویٹ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ معاوضے میں پچاس فیصد کمی کرا لی ۔
لاہور(این این آئی)ڈی جی نیب لاہور کی ہدایات کے مطابق نیب کے آگاہی و تدارک ونگ کے افسران نے چغتائی لیب کے ڈائریکٹر آپریشنز و دیگر حکام سے ملاقات کی ۔نیب لاہور کی گفت و شنید کے بعد چغتائی لیب انتظامیہ نے ضعیف شہریوں کیلئے کورونا ٹیسٹ قیمتوں میں 50فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔نیب لاہور کی جانب سے ڈاکٹر عمر چغتائی اور انتظامیہ کو 13 اپریل کو بریفنگ کیلئے طلب کیا گیا۔میٹنگ میں ٹیسٹ کے معیار میں سمجھوتہ کئے بغیر قیمتوں میں کمی کا کہا گیا۔ڈی جی نیب لاہور کی ہدایات کی روشنی میں اور عوامی و ملکی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے چغتائی انتظامیہ نے ٹیسٹ کی قیمت میں پچاس فیصد کمی کردی۔