چین نے کورونا کی ویکسین تیار کرلی، پاکستان میں‌ ٹرائل کا فیصلہ

چین نے کورونا کی ویکسین تیار کرلی، پاکستان میں‌ ٹرائل کا فیصلہ

پاکستان کورونا وائرس کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کی اہلیت رکھتا ہے :چینی فرم سینو فارم کاپاکستانی حکام کوخط ویکسین 4ماہ میں لانچ ہوگی :ڈاکٹر عامر اکرام کی تصدیق ،جرمنی میں بھی ایک ویکسین کی آزمائش کی اجازت

بیجنگ،اسلام آباد(دنیا مانیٹرنگ،ایجنسیاں)چین نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی ، پاکستان میں ہیومن ٹرائل کا فیصلہ کرلیاگیا ۔رپورٹ کے مطابق پوری دنیا کولاک ڈاؤن کرنیوالے انسانیت کے خطرناک دشمن کوویڈ19 کا علاج چین نے دریافت کر لیا۔چینی میڈ یکل و ہیلتھ کیئر گروپ سینو فارم انٹرنیشنل کارپوریشن کے جی ایم لی کان کی طرف سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے جلد ویکسین تیار کرنا ضروری ہے ،دنیا بھر میں ادویات ساز کمپنیاں کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ،ہمیں یقین ہے کہ پاکستان بھی اسی طرح کا رویہ اختیار کرے گا ،امید ہے کورونا کی ویکسین کے کامیاب کلینیکل ٹرائل کے باعث پاکستان دنیا کے ان ابتدائی ممالک میں شامل ہو جائے گا جہاں ویکسین کا استعمال شروع ہو سکے گا ۔ خط میں مزید لکھا گیا، سینو فارم کاخیال ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان پارٹنر کی مدد سے کورونا وائرس کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کی اہلیت رکھتا ہے لیکن اس مقصد کوحاصل کرنے کے لیے سینو فارم اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے درمیان ہنگامی بنیادوں پر معاہدے کی ضرورت ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ڈاکٹر عامر اکرام نے بھی کورونا ویکسین کی تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ چین میں تیار کی جانے والی یہ ویکسین کلینیکل ٹرائل کے لیے فوری طور پر پاکستان کو بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ویکسین کو تین سے چار ماہ کے عرصے میں کلینیکل ٹرائل کے بعد لانچ کیا جائے گا۔یاد رہے پاکستان میں ٹرائل کے لیے محض ضابطے کی کارروائی ہونا باقی ہے ۔دوسری طرف جرمن حکومت نے جانوروں پرابتدائی تجربات کی کامیابی کے بعد کوروناویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی باقاعدہ اجازت دے دی ۔ انسانوں پر ٹیسٹ کی منظوری جرمن فیڈرل انسٹیٹیوٹ برائے ویکسین نے دی۔ ابتدا میں 200صحت مند افراد پر اس کا تجربہ کیا جائے گا۔ ان افراد کی عمریں 18سے 55 برس کے درمیان ہیں۔ جرمن فیڈرل انسٹیٹیوٹ برائے ویکسین نے بتایاکہ نئی مدافعتی ویکسین مائنز شہر میں قائم دوا ساز ادارے بائیو ٹیک کی تیارکردہ ہے ۔یاد رہے دنیا میں یہ چوتھی ویکسین ہے جو کووڈ-19وبا کیلئے تیار کی گئی ہے ،اس کا نام بی این ٹی 162 رکھا گیا ہے ۔ ویکسین جرمن اور امریکی میڈیسن کمپنیوں نے مل کر تیار کی ہے ، اس کے ٹیسٹ امریکا میں بھی کیے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں