حج ادائیگی:سعودی حکومت آئندہ ماہ حتمی فیصلہ کرے گی
بیرون ممالک کے عازمین پرپابندی یاحفاظتی تدابیرپرکوٹہ کرنے کی تجاویزپرغور پابندی پردرخواست گزاروں کوپیسے واپس یاآئندہ بغیرقرعہ اندازی بھیجاجائیگا:ذرائع
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )سعودی عرب کی جانب سے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے بارے میں آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کو باضابطہ طورپر آگا ہ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزارت مذہبی امور سعودی حکومت کی جانب سے حتمی فیصلے کے بعدانتظامات پر نظر ثانی کرے گی،واضح رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت تمام ممالک کوحج معاہدے کرنے سے عارضی طور پر روک دیا تھا،ذرائع کے مطابق سعودی حکومت آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں حتمی فیصلہ کرے گی کہ موجودہ صورتحال میں حج کن انتظامات کے ساتھ اد اکیا جائے ،ا س ضمن میں مختلف تجاویززیر غور ہیں جس کے تحت بیرون ممالک کے عازمین پر امسال پابندی عائد کی جاسکتی ہے اور صرف سعودی عرب کے مقامی شہری ہی حفاظتی تدابیر کی روشنی میں فریضہ حج اداکریں جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے کوٹے کم کرکے محدود عازمین کو آنے کی بھی اجازت بھی دی جاسکتی ہے ،ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت تیاری مکمل کر لی ہے ،سعودی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پرسرکاری سکیم کے درخواست گزاروں کو مکمل پیسے واپس کر دیئے جائیں گے یا انھیں آئندہ سال بغیرقرعہ اندازی حج پر بھیجا جائے گا۔