ن لیگ او ر پیپلز پارٹی نے نیب کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا، تھنک ٹینک
قومی اسمبلی کے اجلاس کی اہمیت نہیں ،تقاریراچھی ہوئیں تو واہ واہ ہوگی ، ایاز امیر ترمیم اور نیب کے حوالے سے بات نہیں ہو گی اور نہ بات آگے بڑھے گی،سلمان غنی پی ٹی آئی میں کچھ لوگ مخالفین کو رگڑا دینے کیلئے نیب کے حق، کچھ مخالف ہیں، حسن عسکری آج اجلاس میں لڑائی ہوگی ، اپوزیشن تبدیلی چاہتی ہیں تو قانونی مسودہ لے آئیں، خاور گھمن
لاہور(دنیا نیوز)سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے قومی اسمبلی کے اجلاس کی اہمیت کچھ بھی نہیں ،آج تک اس نے ایسے کوئی فیصلے نہیں کیے جو تاریخ ساز ہوں۔ تقاریر ہوں گی ،تقاریر اچھی ہوئیں تو واہ واہ ہوگی ۔پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’ میں میزبان سید ہ عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بڑے ایشوز پر لڑائی ہو تو اچھی بات ہے ،اس لڑائی کا کوئی نتیجہ بھی سامنے آنا چاہئے ۔اٹھارہویں ترمیم پر اکثر ارکان کو پتا ہی نہیں تھا کہ کیا کھچڑی پک رہی ہے ، نواز شریف کو بھی نہیں معلوم تھا،یہ ترمیم آنکھیں بند کرکے پاس کی گئی۔ن لیگ او ر پیپلز پارٹی نے نیب کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا۔روزنا مہ دنیا کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا جہاں جہاں جمہوریت ہے پارلیمان بالا دست ہوتا ہے ،وزیر اعظم موجود ہوئے تو فائدہ مند ہوگا،اطلاع یہ ہے کہ وزیر اعظم نہیں آئیں گے ۔ پارلیمنٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،پارلیمنٹ تو موجود ہے ،بات پارلیمنٹیرین کے کردار کی ہونی چاہئے ۔ذرائع بتاتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم اور نیب کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو گی اور نہ بات آگے بڑھے گی۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر سید حسن عسکری نے کہا جب تک ہم خواہشات کا خیال رکھیں گے نیوٹرل تجزیہ نہیں کرسکتے ،حقیقت کو قبول کرکے آگے چلنا چاہئے ۔ہر انسان کی خواہش ہے انصاف لیکن پاکستان میں انصاف نظر نہیں آتا۔نیب کو ختم کرنے کی ن لیگ کی خواہش دیر سے پیدا ہوئی ہے ،پی ٹی آئی میں کچھ لوگ مخالفین کو رگڑا دینے کیلئے نیب کے حق میں ہیں کچھ مخالف ہیں۔آج ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی باری ہے تو کل پی ٹی آئی کی آئے گی۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا میرے خیال میں پارلیمنٹ کو بیٹھنا چاہئے ،اگر ایمانداری سے اس فورم کو استعمال کیا جائے تو بہت سارے معاملات ہیں جن پر بحث ہوسکتی ہے ،18 ویں ترمیم،صوبوں کے اختیارات،تعلیم اور صحت پربات ہوسکتی ہے ۔آج اجلاس میں لڑائی ہوگی ۔ن لیگ اور پیپلزپارٹی نیب قانون میں تبدیلی چاہتی ہیں تو قانونی مسودہ لے آئیں۔