اے این پی رہنما میاں افتخار کورونا کاشکار، بھائی جاں بحق
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرگئے
اسلام آباد ( نمائندہ دنیا)میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج تھے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین کورونا وائرس کا شکار ہو گئے اور ان کے بھائی میاں محمد سریر حسین کی موت بھی کورونا وائرس سے ہوئی ہے ، زاہد خان نے کہا میاں افتخار حسین نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے اور اس وقت وہ قرنطینہ میں ہیں ۔ انہوں نے بھائی کے جنازے میں شرکت بھی کی لیکن وہاں طبیعت بگڑنے پر انہیں جلد سے جلد لے واپس لے جایا گیا۔ اس وقت وہ کسی سے بھی نہیں مل سکتے اور ان کا علاج جاری ہے ۔ میاں افتخار حسین کی طبیعت قدرے بہتر ہے لیکن مکمل صحت یابی تک وہ قرنطینہ میں رہیں گے ، ا دھر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انکی خیریت دریافت کی ،دونوں رہنمائوں نے میاں افتخارحسین سے انکے بھائی کی وفات پر تعزیت بھی کی