لاہور کے آئی سی یوز میں99فیصد بیڈز مصروف

 لاہور کے آئی سی یوز میں99فیصد بیڈز مصروف

35اضلاع میں30فیصد بیڈز خالی، 47 ہسپتالوں میں 11472بیڈز

لاہور(سید سجاد کاظمی سے )پنجاب کے 47 پبلک ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لئے مختص بیڈز کی تعداد11472، وینٹی لیٹرز333جبکہ 53 نجی ہسپتالوں میں بیڈز 1013جبکہ وینٹی لیٹرز کی تعداد380بتائی گئی ہے ۔ لاہور میں کورونا کے مریضوں کیلئے آئی سی یوز میں99فیصد بیڈز مصروف جبکہ دیگر35اضلاع کے آئی سی یو میں30فیصد بیڈز خالی پائے جارہے ہیں۔ صوبائی دار الحکومت سمیت پنجاب بھرکے ہائی ڈیپڈنسی یونٹ(ایچ ڈی یو) کی تعداد میں سنٹرل آکسیجن کے ساتھ اضافہ کیا جارہا ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے تدریسی ہسپتالوں میں کورونا کے لئے 8728بیڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کی جانب سے پنجاب میں2744بیڈز مختص ہیں۔اسی طرح پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی کوششوں سے پنجاب کے 36اضلاع کے 53نجی ہسپتالوں میں1013بیڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 309بیڈز پر مریض موجود، اسی طرح ایچ ڈی یو کے لئے مختص318بیڈز میں سے 113پر مریض موجود ہیں ۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں سب سے زیادہ 600سے زائدبیڈز میو ہسپتال میں مختص کئے گئے ہیں ،وہاں کورونا کے 275مریض داخل ہیں جبکہ وینٹی لیٹرز کی تعداد60مختص کی گئی ہے جو تقریباً1فیصد تک خالی رہنے کی رپورٹ آرہی ہیں۔اسی طرح لاہور جنرل ہسپتال میں45مریض زیر علاج ہیں جن میں 20وینٹی لیٹر پرزیر علاج ہیں اور باقی25مریض ایچ ڈی یو میں ہائی آکسیجن پر ہیں۔ سروسز ہسپتال لاہور میں100مریض زیر علاج ہے ،55ایچ ڈی یو جبکہ22وینٹی لیٹرز پر ہیں،ان میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد زیادہ بتائی جارہی ہے ۔ جناح ہسپتال میں کل77مریض زیر علاج ہیں ، وینٹی لیٹرز 15مختص ہیں،2مریض وینٹی لیٹر ز پر ہیں اور13خالی پڑے ہیں، کیونکہ وینٹی لیٹرز کے لئے بیڈز اور دیگر سامان موجود نہیں ہے ۔ سر گنگا رام ہسپتال میں 56بیڈز موجود ہیں جہاں8وینٹی لیٹرز کی سہولت میسر ہے ، دو وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔ پی کے ایل آئی میں150 بیڈز مختص ہیں وینٹی لیٹرز کی تعداد30ہے ،وینٹی لیٹرز پر کورونا کے 8مریض زیر علاج ہیں۔ ایکسپو سنٹر لاہور میں کورونا کے 65 مریض داخل ہیں جن میں کوئی تشویشناک حالت میں نہیں، صوبائی وزیر یاسمین راشد کے مطابق یہاں300بیڈز پر سنٹرل آکسیجن کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ لاہورکے 13سرکاری ہسپتالوں میں654مریض داخل ہیں جن میں سے 47آئی سی یو میں ہیں اور61وینٹی لیٹرز پر ہیں لاہور کے 13 ہسپتالوں میں اب تک210اموات ہوچکی ہیں باقی اموات نجی ہسپتالوں سے رپورٹ ہوئی ہیں۔اس وقت پنجاب کے 53 نجی ہسپتالوں میں 380وینٹی لیٹرز ہیں جن میں سے 146کورونا کے مریضوں کے لئے مختص جبکہ29وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں۔ لاہور کے 19پرائیویٹ ہسپتالوں میں330مریض داخل،79آئی سی یو،22وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں