پنجاب اسمبلی : دوسر ے پارلیمانی سال کے 81ورکنگ ایام مکمل
سوورکنگ ایام مکمل کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 جولائی کو بلانے کا فیصلہ اب تک 61بلوں کی منظوری دی جا چکی،102تحاریک استحقاق اسمبلی میں جمع
لاہور(اخلاق باجوہ سے )پنجاب اسمبلی کے دوسر ے پارلیمانی سال کے 81ورکنگ ایام مکمل ہو گئے ۔آئین کے مطابق 100ورکنگ ایام مکمل کرنے کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 جولائی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،پنجاب اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے اب تک10اجلاس ہوچکے ہیں اور 81 ورکنگ ایام مکمل ہوئے ہیں جبکہ موجودہ اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال میں12اجلاس ہوئے تھے ، پنجاب اسمبلی میں اب تک 61بلوں کی منظوری دی جا چکی ہے جن میں دو پرائیویٹ بل شامل ہیں۔ اہم بل جو حال ہی میں متفقہ طور پر منظور ہوا وہ خدیجہ عمر کا پرائیویٹ بل ہے ۔اس بل کے مطابق اسلامیات، مطالعہ پاکستان، تاریخ، اردو لٹریچر اور دوسرے مضامین کا اسلامی مواد تدریسی کتابوں میں اس وقت تک شائع نہیں ہوگا، جب تک متحدہ علما بورڈ پنجاب منظوری نہیں دے گا۔ بل کے مطابق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ ،متحدہ علما بورڈ پنجاب کی منظوری کا پابند ہوگا۔ اب تک اسمبلی میں 102تحاریک استحقاق جمع کرائی گئی ہیں جن میں سے صرف 26کمیٹی کے سپرد ہوئیں،1119تحاریک التوا کار اسمبلی میں جمع کرا ئی گئیں ،جن میں سے صرف430ایوان میں پڑھی گئیں ۔اب تک پنجاب اسمبلی میں1332قراردادیں جمع کرائی گئیں جن میں سے صرف 46رولز کے مطابق منظور ہوئیں ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے وزارت قانون نے سمری تیار کر لی ہے ۔سمری چند روز تک ایوان وزیراعلیٰ بھیج دی جائے گی۔