فرانس کا پاکستانی طلبا ،محققین کیلئے آج سے ویزوں کا اجرا

فرانس کا پاکستانی طلبا ،محققین کیلئے آج سے ویزوں کا اجرا

کورونا کے باعث درخواست میں تبدیلیاں ، 3اگست سے جمع کرائی جاسکیں گی

اسلام آباد (وقائع نگار )پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے پاکستانی طالب علموں اور محققین کے ویزوں کا اجرا مرحلہ وار شروع کر دیا ۔ آج سے پاکستانی طالب علم او رمحققین اپنے قریبی اے ای جی فرنچ ویزا آفس سے سفارتخانے میں ویزا ملاقات کیلئے درخواست دے سکیں گے ، 3 اگست ، سے ویزا درخواست جمع کروائی جا سکے گی جسکے بعد بائیو میٹرکس کا عمل شروع ہو جائے گا، درخواست گزار اپنے اصل پاسپورٹ کے ساتھ فرانسیسی سفارت خانے کے ویزا سیکشن میں اپنی ویزا فیس ادا کرسکیں گے ۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ اسلام آباد میں فرانس کے سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی طالب علموں اور محققین کیلئے ویزوں کا اجرا آج سے شر وع کیا جا رہا ہے ۔ کورونا کے پیش نظر صحت کے تناظر میں طالب علم کے ویزا درخواست کے عمل میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے تحت فرانس کا سفر کرنے والے طالب علموں اور محققین کیلئے کورونا کا ٹیسٹ لازمی ہوسکتا ہے ۔ ای جی فرانچ ویزا درخواست دہندگان کو فرانسیسی سفارت خانے میں ویزا ملاقات کیلئے تاریخ اور وقت سمیت دستاویزات کی فہرست کے بارے میں ایک رسید جاری کرے گا۔سفارتخانہ اعلٰی تعلیم سے متعلق درخواست دہندہ سے واٹس ایپ کے ذریعہ ویڈیو انٹرویو کے شیڈول کے لئے رابطہ کرے گا تاکہ امیدوار کے تعلیمی منصوبے کا جائز ہ لیا جاسکے ۔ فرانسیسی سفارتخانے نے کورونا پھیلائو کے بعد 17مارچ کو ویزا اجرا پر پابندی عائد کر دی تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں