حکومت کے 700روز، مہنگائی 8سال کی بلند ترین سطح پر
دال ماش94، بکرے کا گوشت 182،دودھ15 روپے کلو مہنگا:ادارہ شماریات
اسلام آباد(وقا ئع نگارخصوصی)تحریک انصاف کی حکومت کے 700 روز مکمل ہوگئے ، مہنگائی 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، چینی 29 روپے 73 پیسے ،آٹا ساڑھے 9 روپے ،آلو29 روپے اور ٹماٹر12روپے فی کلو مہنگا ہوا، دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک کے 17 بڑے شہروں کی اوسط قیمت کی بنیاد پرحکومت کے 700 دنوں کے دوران چینی 29 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔اگست 2018 میں چینی کی قیمت 55.59 روپے فی کلو تھی جو اب بڑھ کر 85 روپے 32 پیسے فی کلو ہوگئی۔دستاویز کے مطابق اگست 2018 تا جولائی 2020 کے دوران دال ماش 94 روپے ،دال مسور 42 روپے ، دال مونگ 126 روپے ،دال چنا 20 روپے ،بکرے کا گوشت 182 روپے اورگائے کا گوشت 95 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں تازہ دودھ 15 روپے فی لٹر، دہی 12 روپے ،چاول 12روپے ،لہسن 110 روپے اور مرغی زندہ برائلر 80 روپے فی کلو جبکہ ڈھائی کلو گھی کا ٹن 163 روپے مہنگا ہوا۔اسی عرصے کے دوران انڈے 33 روپے فی درجن اورکیلے 17 روپے فی درجن مہنگے ہوئے ۔دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مالی سال 2019-20 میں مہنگائی کی اوسط شرح 10.74 فیصد رہی جو مالی سال 2017-18 میں 4.68 فیصد تھی۔