عید کے 3 روز:باپ بیٹے ,میاں بیوی سمیت 9 افراد قتل

عید کے 3 روز:باپ بیٹے ,میاں بیوی سمیت 9 افراد قتل

فیروزوالہ میں پانی کے تنازع پر اللہ دتہ نے بھائی طارق اوربھتیجے کو موت کے گھاٹ اتاردیا گجرپورہ میں عمران،شاہدرہ میں فرحان، اسلام پورہ میں مشتاق،ہڈیارہ میں عبدالرحمن مارا گیا

لاہور، فیروزوالہ،مریدکے (سپیشل کرائم رپورٹر، تحصیل رپورٹر ،نامہ نگار،خبرنگار) عید کے تین روز کے دوران لڑائی جھگڑوں کے مختلف واقعات میں باپ بیٹے اورمیاں بیوی سمیت 9افرادقتل کردیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ فیروزوالہ کے گاؤں گول میں کھیتوں کو پانی لگانے کے تنازع پر اﷲ دتہ نے اپنے بیٹے علی رضا کی مدد سے فائرنگ کر کے اپنے بھائی طارق اور اسکے 16سالہ بیٹے مجتبیٰ طارق کو قتل کر دیا فیروز والہ پولیس نے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ مرید کے کے تھانہ صدر کے علاقہ خرابہ میں بڑے بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر چھوٹے بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔مقتولین ایک کمسن بچے کے والدین تھے ۔بتایا گیا کہ چوڑا راجپوتاں کے رہائشی صداقت نے سحرش نامی لڑکی سے دو سال قبل پسند کی شادی کی، بڑے بھائی لیاقت کو یہ رشتہ نا پسند تھا جس نے بھائی رفاقت وغیرہ کی مدد سے موقع پاکر اپنے چھوٹے بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ ادھر بدوملہی کے نواحی گائوں باٹھانوالہ میں سابق یوسی ناظم چودھری محمد اقبال بھنڈر(مرحوم)کے جوان بیٹے فہد اقبال بھنڈر اور چچازاد شکیل کا سجاد عرف ننھااور ناصر عرف غنی کیساتھ دھان کی پنیری کے معاملے پر معمولی جھگڑا ہوگیا۔ جس پر سجاد نے فہد اقبال کے سینے میں چھری گھونپ دی جس سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزمو ں کوحراست میں لے لیا۔گجرپورہ میں مخالفین نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے نوجوان عمران کو قتل کردیا ، واقعہ کوٹ خواجہ سید ہسپتال کے نزدیک پیش آیا ۔ شاہدرہ کے علاقہ لاجپت روڈ پر لین دین کے تنازع پر 35 سالہ فرحان کو ا سکے اپاہج والد محمود کے سامنے دو ملزموں نے گلا دبا کر قتل کر دیا ۔ اسلام پورہ میں موٹر سائیکل سواروں نے 60سالہ شخص مشتاق کو سرمیں فائر مارکر قتل کر دیا ، نین سکھ کے رہائشی مشتاق کا بیٹا عمر نوانکوٹ کے رہائشی عامر کی بہن کوگھر سے بھگا کر لے گیا ، عامر نے عمر اور اسکے بھائی ناصر کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا، گزشتہ روز پولیس نے ناصر کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا ،جہاں سے مدعی عامر اور اسکے نامعلوم ساتھی نے مشتاق کا پیچھا کیا اور سگیاں کے قریب اسکی کنپٹی پر 2فائر مار کر قتل کر دیا ۔ ہڈیارہ کے علاقے نڑوڑ گائوں میں چارپائی بچھانے کے تنازع پر بارہ سالہ بچے عرفان عرف فانی نے گردن میں چھری مارکر دس سالہ بچے عبدالرحمن کوقتل کردیا۔پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں