سگریٹ نوش طلبہ کوسرکار ی ونجی کالجزمیں داخلہ نہیں ملے گا

سگریٹ نوش طلبہ کوسرکار ی ونجی کالجزمیں داخلہ نہیں ملے گا

طلبہ کو فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے کیلئے ہیلتھ پرو فارما مکمل کروانا لازمی ہوگا ڈی پی آئی کالجز لاہور نے دستخط کرد ئیے ،سمری محکمہ ہائرایجوکیشن کوارسال

لاہور(سید سجاد کاظمی سے )سگریٹ نوش طلبہ کو سرکاری ونجی کالجز میں داخلہ نہ دینے کا اہم فیصلہ ۔ فرسٹ ایئر میں طالب علم کو کسی بھی سرکاری و نجی کالج میں داخلہ نہیں ملے گا۔فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے کیلئے ہیلتھ پر و فارما مکمل کروانا لازمی ہوگا۔ ہائیکورٹ لاہور کے جاری شارٹ فیصلہ کی روشنی میں کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین کی درخواست پر ڈی پی آئی کالجز لاہور نے سمری پر دستخط کرکے اسے محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کو ارسال کردیا ہے جس میں سگریٹ نوشی سمیت گٹکا اور دیگر نشہ کرنیوالوں کو کالج میں داخلہ نہیں دیا جائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ رواں سال فرسٹ ایئر کے داخلوں میں اس کو لازمی قرار دیدیا جائے گا۔طالبعلم کو اس پر و فارما میں جنرل ہیلتھ پروفائل کو مکمل کرنے کیلئے کالج کا نام، مکمل ڈیٹا کے ساتھ پرکرنا ہوگا ۔تین صفحات پر مشتمل اس پر و فارما میں پارٹ اے ، بی، سی، ڈی اور ای کے ساتھ فیملی فزیشن کیساتھ سائیکا ٹرسٹ(ماہر نفسیات)طالب علم کو چیک کرکے اس کے نشہ کرنے یا نہ کرنے کی تصدیق کرکے اپنی مہر ثبت کرے گا۔اگر ماہر نفسیات کو طالب علم کے فزیکل چیک اپ کے دوران کوئی شک گزرا تو وہ فوری طور پر اس کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کروانے کا مجاز ہوگا۔ذرائع کے مطابق کالجز میں اس قانون کے لاگو ہونے کے بعد سرکاری و نجی یونیورسٹیوں میں بھی اس قانون پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں