علامہ خادم رضوی کی رسم قل ,ہزاروں افراد شریک ,ختم نبوت پر پہرہ دینگے :سعد رضوی ,مفتی منیب

علامہ خادم رضوی کی رسم قل ,ہزاروں افراد شریک ,ختم نبوت پر پہرہ دینگے :سعد رضوی ,مفتی منیب

ملک بھر سے علمائے کرام ، مشائخ عظام ، کارکن اورعقیدت مند شرکت کیلئے داتا دربارپہنچے ، قرآن خوانی و اجتماعی دعا , سخت سکیورٹی انتظامات، حکومت نے معاہدہ سے رو گردانی کی تو شوریٰ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کرینگے :نومنتخب سربراہ تحریک

لاہور(سیاسی نمائندہ، این این آئی )تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی رسم قل جامع مسجد داتا دربار میں ادا کی گئی جس میں ملک بھر سے ہزاروں علمائے کرام ، مشائخ عظام ،کارکنوں اورعقیدت مندوں نے شرکت کی، شرکا لبیک یار سول اللہ کے نعرے لگاتے رہے ۔قائد تحریک لبیک کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اوراجتماعی دعا گزشتہ روز جامع مسجد داتاد ربار میں ادا کی گئی ، قل خوانی میں مولانا خادم حسین رضوی کے صاحبزادے اور امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی، مولانا انس رضوی، مولانا عبدالستار سعیدی، رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری ،مولانا ظفر محمود ، مولانا رضی حسینی، صاحبزادہ عبدالمصطفی، مولانا غلام عباس، مفتی منیب الرحمان، مولانا عبدالغفور ، ڈاکٹر شفیق امینی سمیت علما ئے کرام، مشائخ ،کارکنوں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے نومنتخب سربراہ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ جہاں کارکن کا پسینہ گرے گا وہاں رہنماؤں کا خون گرے گا ۔ وعدہ کرتا ہوں ناموس رسالتؐ کا تحفظ ، ختم نبوت کی پاسبانی اور دین کو غالب کریں گے ۔ ریاست و سیاست میں ہر جگہ ایک ہی نعرہ " لبیک یارسول اللہ "لگائیں گے ، ہرظالم کا ہاتھ روکیں گے ،مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں گے ،گردن کٹواسکتے ہیں لیکن ختم نبوت ؐپر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجلس شوریٰ کے تین ممبران کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ۔اگر حکومت رو گردانی کرتی ہے تو مجلس شوری ٰ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کریں گے ۔ یہ اجلاس قبل از وقت بھی بلایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا والدمحترم نے ہمیشہ امت مسلمہ کی بات کی ،کشمیر کا مسئلہ ہو یا فلسطین کی بات، کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتا تو وہ تڑپ اٹھتے تھے ۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خادم حسین جن آنکھوں میں کھٹکتے تھے وہ مت سمجھیں ان کے کلیجے ٹھنڈے ہو جائیں گے ۔ انہوں نے محبت رسولؐ کے جو شعلے لوگوں کے دلوں میں جلائے ہیں وہ دشمنوں کو بہاکرلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صاحبان تخت و تاج نے ایک سو چھبیس دن دھرنا دیا تو ایک شیل نہ گرا لیکن عاشقان مصطفی ؐ پر شیلنگ کی گئی۔ خادم رضوی کی طرح ختم نبوت پر پہرہ دیتے ہوئے مریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں