اینٹی کرپشن:رانا مبشر،سیف الملوک،وحید گل کیخلاف ریفرنس

اینٹی کرپشن:رانا مبشر،سیف الملوک،وحید گل کیخلاف ریفرنس

سرکاری املاک پر قبضہ کر کے سرکاری خزانہ کو اربوں کا نقصان پہنچانے کا الزام فرنٹ مینوں کیخلاف 4مقدمات درج ،ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع

لاہور(اکنامک رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے رانا مبشر، سابق ایم پی اے سیف الملوک، وحید گل کیخلاف ریفرنس ملنے پر ان کے فرنٹ مینوںچیئرمین یونین کونسل مبین دائود ، افضل مبشر ودیگر کیخلاف 4مقدمات درج کر لئے ۔ ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض کی طرف سے بھجوائے گئے ریفرنس کے مطابق سیف الملوک کھوکھر، وحید گل اور رانا مبشر اپنے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے سرکاری املاک پر قبضہ کر کے سرکاری خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں پیش پیش ہیں،سیف الملوک کھوکھر نے یو سی چیئرمین مبین داؤد، مبشر ،افضل خان کی مدد سے 80کنال اراضی پر قبضہ کیاجو کہ پارسی خاندان کی تھی، کراچی کے عیدالڈینشا جی کی 1914میں وفات کے بعد ان کی اولاد نہ ہونے کی وجہ سے اراضی لاوارث ہوئی،سیف الملوک نے جعلی وارث بنا کر 2015 میں اراضی اپنے نام ٹرانسفر کرا ئی جسے نزول لینڈ قرار دیکر بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ،ملزمان سے تاوان کی وصولی یقینی بنائی جائے گی،وحید گل کا فرنٹ مین نواب پورہ کا رہائشی پراپرٹی ڈیلر طارق اور کاروباری شراکت دار نصراللہ ہے ،طارق نے ہربنس پورہ کے علاقے نواب پورہ میں اربوں روپے کی سرکاری زمین پر مدینہ پیلس، نواب پیلس مارکیز سمیت غیر قانونی دفتر بنا رکھا ہے اور تاوان و سرکاری فیس کی مد میں 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد کا نادہندہ ہے ، نصراللہ نے ہربنس پورہ کے علاقے میں 7 کنال سے زائد اربوں مالیت کی سرکاری زمین پر غیر قانونی سپیئر پارٹس کی فیکٹری بنا رکھی ہے جبکہ 35 لاکھ روپے سرکاری تاوان کا نادہندہ ہے ،ایم این اے رانا مبشر احمد کا فرنٹ مین بوٹا لاہور کینٹ کے علاقے موضع دھلا گُلا میں اربوں مالیت کی 64 کنال سے زائد سرکاری زمین پر قابض اور 21 لاکھ 61 ہزار سے زائد سرکاری تاوان کا نادہندہ ہے ۔دریں اثنا ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے منی لانڈرنگ اور قبضہ گروپوں کے ساتھ تعلقات اور معاونت پرسیف الملوک کھوکھر ، افضل کھوکھر اور شفیع کھوکھر کو کل 7دسمبر کو طلب کرلیا،طلبی نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ دفتر میں نہ آنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں