لاہور : 238 بدمعاشوں ، قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کی فہرست پولیس کے حوالے
کینٹ ڈویژن میں 109سٹی ڈویژن میں 53،صدر 25، اقبال ٹاؤن 24، ماڈل ٹاؤن 14اور سول لائن میں 13جرائم پیشہ افراد ، نورا کشمیری کے بیٹے ، شاہیا پہلوان کا خاندان ، طیفی بٹ ، بلا ٹرکاں والے کا بیٹا ،ن لیگ اور پی ٹی آئی سے منسلک افراد بھی شامل ، اداکارہ خو شبو کا بھائی بھی بد معاش گرو پ کا حصہ ، نام نہاد صحافی ، تھیٹر مالک ، امام مسجد کا نام بھی فہرست میں ، ایک نے ایم پی اے کا الیکشن لڑا ، منشا بم اور اسکے بیٹے بھی نظروں میں حاضر سروس پو لیس اہلکار بھی گروہوں کے مدد گار
لاہور (مدثرحسین سے )لاہور کے 238 بدمعاشوں ، قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کی فہرست تیار کر لی گئی ۔خفیہ ایجنسیوں کی مدد سے تیار کر دہ لسٹ میں ان افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی شامل ہے یہ فہرست کارروائی کے لیے پو لیس کے حوالے کر دی گئی ہے ۔ کینٹ ڈویژن میں سب سے زیادہ 109 قبضہ مافیا ، بھتہ خور اور بدمعاش ، سٹی ڈویژن میں 53صدر ڈویژن 25 ،اقبال ٹاؤن ڈویژن 24، ماڈل ٹاؤن ڈویژن 14اور سول لائن ڈویژن میں 13ہیں ۔ فہرست میں نورا کشمیری کے بیٹے ، شاہیا پہلوان کا خاندان ، طیفی بٹ ، بلا ٹرکاں والے کا بیٹا ،ن لیگ اور پی ٹی آئی سے منسلک افراد بھی شامل ہیں ۔اداکارہ خو شبو کا بھائی بھی بد معاش گرو پ کا حصہ ہے ، نام نہاد صحافی ، تھیٹر مالک ، امام مسجد کا نام بھی فہرست میں شامل ہے ۔ایک نے ایم پی اے کا الیکشن لڑا ، منشا بم اور اسکے بیٹے بھی نظروں میں ہیں ۔حاضر سروس پو لیس اہلکار بھی گروہوں کی مدد کرتے رہے ۔ خفیہ رپورٹ کی تفصیل کے مطابق تھانہ گوالمنڈی؛ خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ قبضہ مافیا ہے ، ہرقسم کے جائز و ناجائز اسلحہ اس کے پاس ہے ، اس کا ڈیرہ اشتہاریوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے ، خوف کی علامت ہے ، کوئی شخص زیادتی کے باوجود آگے نہیں آتا، لاہور میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔امیر بالاج ٹیپو اپنے باپ کے نقشے قدم پر چل رہا ہے ، متعدد گن مین ساتھ رکھتا ہے ، اس کی دشمنی خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ کیساتھ ہے ، اشتہاریوں کا اس کے پاس آنا جانا ہے ، علاقہ میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔تھانہ ٹبی؛ جمشید عرف شیری اور نوید ہمایوں دونوں شاہیا پہلوان کے بیٹے ہیں، قبضہ گروپ اور منشیات فروشی کا کام کرتے ہیں، اشتہاریوں کو پناہ دیتے ہیں۔تھانہ شاد باغ؛ شاہ نواز چودھری شاد باغ میں متنازعہ املاک پر قبضے کرتا ہے ۔لالہ عامر، عثمان، سلمان ، تینوں بھائیوں نے قبضہ گروپ بنایا ہوا ہے ، وہ علاقے میں اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلاتے ہیں۔ بھتہ خوری اور متنازعہ املاک پر قبضے کرتے ہیں۔تھانہ مصری شاہ؛ عمران عرف ملک مانی، چاہ میراں میں بہت سی دکانوں کے آگے مالکوں نے علیحدہ پھٹے لگائے ہوئے ہیں، یہ شخص اسلحہ کے زور پر اور بدتمیزی کرکے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ لیتا ہے ۔ کوئی ظلم کے خلاف آواز اٹھائے تواسے تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔وسیم اعجاز لون اور اس کا بیٹا یوسف وسیم؛قبضہ گروپ ہے ، متنازعہ املاک پر قبضہ کرتے ہیں، ریکارڈ یافتہ ہیں۔ تھانہ بادامی باغ؛ یونس خان عرف جونا پٹھان ولد ہارون خان، منشیات فروش ہے ، اکثر علاقہ میں فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلاتا ہے ، کوئی آواز اٹھائے تو تشدد کرکے دہشت ڈالتا ہے ۔تھانہ اسلام پورہ؛ ہمایوں بٹ، ایم اے او کالج لاہور میں ہمایوں بٹ گروپ موجود ہے ، جوکہ طلبہ کو غیر تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کرنے کیلئے بلاتا ہے ، دکانوں پٹرول پمپس سے مالی فائدے حاصل کرتا ہے ۔بوبی گجر گروپ؛ ایم اے او کالج لاہور میں بوبی گجر گروپ موجود ہے ، 10 سے 15 ساتھیوں کیساتھ روزانہ کالج اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے گیٹ کے پاس لگے ٹرانسفامر کے ارد گرد بیٹھے رہتے ہیں۔سنی پرنس؛ ایم اے او کالج میں موجود ہے ، اپنے 10 سے 15 ساتھیوں کے ساتھ روزانہ کالج کے گرد موجود رہتا ہے ۔تھانہ نواں کوٹ؛ بلال سرور ولد غلام رسول بھٹی، اس نے قبضہ گروپ بنایا ہوا ہے ، علاقہ میں خالی پلاٹ ، مکان وغیرہ پر قبضہ کر لیتا ہے ۔تھانہ شالیمار؛ عمر فاروق عرف منا پٹواری، بھوگیوال روڈ شالیمار کا رہائشی ، اکثر سرکاری اراضی، اوقاف، واسا وغیرہ کی جگہوں پر قبضہ کرتا ہے ۔اس کی پشت پناہی ایک منظم گروپ کرتا ہے ، ان میں ٹی ایم او، سب انسپکٹر مہدی کاظمی اور ایک ن لیگ کا ایم پی اے شامل ہے ۔ تھانہ سبزہ زار؛ محمد عباس عرف گوشی ڈوگر کے ساتھ اس کا حقیقی سالا فاروق ڈوگر، فلم سٹار خوشبو کا بھائی عاشق عرف عاشقی مل کر بدمعاشی کرتے ہیں، متنازعہ املاک پر قبضہ کرتے ہیں۔ہارون اٹھوال مسیح (نام نہاد صحافی)سکنہ نئی آبادی گوہاوا، بیدیاں روڈ، جو رائل ٹی وی کا نمائندہ ظاہر کرکے لوگوں کو بلیک میل اور نوسر بازی کی وارداتیں کرتا ہے ، جعلی گمنام اخباروں کے پریس کارڈ پیسوں کے عوض بنا کر دیتا ہے ۔تھانہ جنوبی چھاؤنی؛ ملک طارق محمود اور اس کا بیٹا جنہوں نے ایک تھیٹر روہی نالہ بیدیاں روڈ پر بنایا ہوا ہے ، پہلے تھیٹر پر فلمیں چلاتا ہے ، پھر 10 بجے رات سے 3 بجے تک نیم برہنہ لڑکیوں کے ڈانس کراتا ہے ، تھیٹر کے اندر اور باہر اکثر جرائم پیشہ افراد شراب پی کر غل غپاڑہ کرتے ہیں۔ تھانہ ڈیفنس اے ؛ فیصل حاکم علی ، متنازعہ املاک پر قبضہ کرنے کا دھندہ کرتا ہے ، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر چیئرمین رہ چکا ہے ۔تھانہ غازی آباد؛ محمد رفیق عرف فیکا پٹھان، علاقہ میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا ہے ، اس کے پا س دیگر علاقوں کے جرائم پیشہ افراد کی آمد ورفت رہتی ہے ، متنازعہ املاک پر قبضے کرتا ہے ۔رانا تفسیر؛ متنازعہ املاک پر قبضے کرتا ہے ، اس کا مسلح گینگ ہے جوکہ قبضے کا دھندہ کرتا ہے ، اس نے ایک جعلی سکیورٹی کمپنی بھی بنائی ہوئی ہے ، اپنے گارڈ ز کو رینجرز کی جعلی وردیاں پہناتا ہے ، انہیں اسلحہ دے کر اور کرائے پر ڈالے لے کر ، قبضے کیلئے استعمال کرتا ہے ۔ ارشد وٹو؛ متنازعہ املاک پر قبضے کرتا ہے ، ہمراہ مسلح گن مین رکھتا ہے ، خود کو جعلی صحافی یا افسر ظاہر کرتا ہے ۔تھانہ فیکٹری ایریا؛ عبدالغفار عرف پپو چھرا، اپنے ساتھیوں محمد جاوید ، عامر کیساتھ مل کر نوسر بازوں کا گینگ بنایا ہوا ہے جوکہ موبائل فون کمپنیوں کے ٹاور لگوانے اور مختلف طریقوں سے لالچ دے کر پیسے ہتھیاتے ہیں، اور اہم دستاویزات حاصل کرکے انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔ماکھا نے چونگی امرسدھو کے علاقے میں 25 ، 30 نوجوانوں پر مشتمل جیب تراشوں کا گینگ بنا رکھا ہے جوکہ روزانہ گروپ کی صورت میں نکلتا ہے ، چونگی امرسدھو سٹاپ، فیروز پور روڈ، میٹرو بس، سبزی منڈی کاہنہ، چلڈرن اور گلاب دیوی ہسپتال سمیت مختلف علاقوں میں منظم طریقے سے جیب تراشی اور نوسر بازی کی وارداتیں کرتے ہیں، حاضر سروس ملازمین انہیں تحفظ دینے کیساتھ وارداتوں کے دوران ان کے ساتھ پھرتے ہیں۔ شام کو تمام جیب تراش ماکھے کے بتائے ہوئے مقام پر اکٹھے ہوتے ہیں اور لوٹ کا سامان شیئر کرتے ہیں، اگر گینگ کا کوئی رکن پکڑا جائے تو سی آئی اے پولیس کے 2 کانسٹیبل اللہ راز اور صادق کے ذریعے انہیں چھڑایا جاتا ہے ۔تھانہ باغبانپورہ؛ عاطف بٹ عرف عاطی بٹ، حبیب عرف سابی بٹ، کاشف عرف کاشی نوراکشمیری کے بیٹے ہیں، یہ کرائے کے قاتل، بدمعاش اور ڈکیت ہیں۔ ان کا تعلق قبضہ گروپ سے ہے ۔تھانہ باٹا پور؛ ملک شادا عرف بودا، یہ قبضہ گروپ کا سرغنہ ہے ، ن لیگ کا سابق ایم پی اے اس کا رشتہ دار ہے ۔رمضان سابق کانسٹیبل گزشتہ سات آٹھ سال سے دیگر ساتھیوں کیساتھ مل کر جدید اسلحہ اور گولیاں علاقے کے جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرتا ہے ۔ سود پر رقمیں بھی دیتا ہے ۔تھانہ ستوکتلہ؛ ملک منشا عرف بم، یہ بدنام زمانہ قبضہ مافیا ہے ۔ اس کے 4/5بیٹے ہیں۔ اس کے بیٹے طارق اور عاصم نے پلاٹوں پر قبضہ کیا ہواہے ، لوگوں سے بھتہ وغیرہ وصول کرتا ہے اور خالی جگہوں پر نیلام گھر اور ٹھیلے وغیرہ لگوائے ہوئے ہیں جن سے کرایہ لیتا ہے ۔ ملک شوکت علی کھوکھر عرف شوکی چنگڑ اس کا رشتہ دار ہے ۔تھانہ گرین ٹاؤن؛ قاری عبدالعزیز’ خطیب و امام مسجد و مدرسہ عثمان غنیؓ اوقاف کالونی گرین ٹاؤن لاہورعرصہ تقریباً 14/15 سال سے اوقاف کالونی گرین ٹائون لاہور میں خالی پلاٹوں پر قبضہ کرتا ہے ’ ریکارڈ یافتہ ہے ۔تھانہ ٹاؤن شپ؛ ملک شوکت علی کھوکھر عرف شوکی چنگڑ؛ یونین کونسل 234کا چیئرمین ہے ۔ مسلم لیگ (ن) سے ہے ۔ ٹائو ن شپ میں ڈیرہ بنایا ہواہے ۔ اس کے بھائی اور بھتیجے لڑائی’ جھگڑے اور قتل جیسی وارداتوں میں بدنام ہیں۔ پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی اور واپڈا ٹاؤن میں پلاٹوں کا تنازع چل رہا ہے ۔ تاجران بورڈ کا سرپرست اعلیٰ بنا ہوا ہے ۔ جدید اسلحہ اور اپنے ہمراہ گن مین لے کر پھرتا ہے ۔تھانہ سندر؛ محمد نواز عرف گڈو، یہ لوگوں کے پلاٹوں اور رقبہ جات پر قبضہ کرتا ہے اور علاقہ میں بدمعاشی کرتا ہے ، قبضہ گروپ ہے ۔2018میں ایک مذہبی تنظیم سے ایم پی اے کا الیکشن لڑا، ریکارڈ یافتہ ہے ۔تھانہ ڈیفنس سی؛ تصور، منور، بابر، خاور، ان کا ایک بھائی پہلے پولیس مقابلہ میں مارا جا چکا ہے ۔ اب ان چاروں بھائیوں نے ڈیرہ چاہل میں تقریباً ایک کنال رقبہ میں اپنا قلعہ نما گھر بنا رکھا ہے ۔ جس کی دیواریں تقریباً 15 فٹ اونچی ہیں اور ان کے اوپر مورچے بنے ہوئے ہیں ان مورچوں میں ہر وقت مسلح افراد پہرہ دیتے ہیں۔ انہوں نے ایک اشتہاریوں پر مشتمل خطرناک گینگ بنایا ہوا ہے ۔ ان کے پاس بھاری تعداد میں ہر قسم کا جدید ناجائز اسلحہ موجود ہے ۔ یہ اس علاقہ میں کافی لوگوں کو فائرنگ کرکے قتل اور زخمی کر چکے ہیں یہ ان کا دھندہ اور مشغلہ ہے ۔ دراصل یہ گینگ علاقہ کا ایک بہت بڑا قبضہ گروپ ہے ۔ یہ عام حالات میں اپنے قلعہ نما گھر سے باہر نہیں نکلتے ۔ یہ صرف باہر کسی جگہ پر قبضہ کرنے کی صورت میں یہاں سے 15/20 افراد کے گینگ کو لیکر مسلح حالت میں اپنے سرپرستوں کے کہنے پر صرف قبضہ کرنے کے لئے ویگو ڈالوں میں جاتے ہیں اور وہاں فائرنگ کرکے دہشت پھیلا دیتے ہیں ان جگہوں پر قبضہ کرکے اپنے بندے قبضہ پر بٹھا کر فوری واپس آ جاتے ہیں۔ تھانہ برکی؛ محمد اعجاز، فیاض احمد، محمد شہزاد پسران یوسف کمانڈر سکنہ موضع پنگالی برکی روڈ لاہور؛ متنازعہ پراپرٹیوں پر قبضہ کرنے کا دھندہ کرتے ہیں۔ یہ علاقہ میں اپنے ہمراہ مسلح گن مین رکھتے ہیں اور سرعام اسلحہ کی نمائش اور اکثر علاقہ میں ہوائی فائرنگ کرتے ہیں اور ان کے پاس کافی تعداد میں ناجائز اسلحہ بھی ہے ۔ انہوں نے جرائم پیشہ افراد بدمعاشوں کا ایک گینگ بنا رکھا ہے جس کا عام لوگوں سے بدمعاشی کرنا ان کا معمول ہے ۔ تھانہ برکی؛ افتخار لاٹیا ولد محمد صدیق قوم راجپوت موضع پھلروان برکی روڈ لاہور کینٹ، مذکورہ شخص نے بدمعاش گروپ بنا رکھا ہے ۔ ان کے پاس کافی تعداد میں ناجائز اسلحہ ہے ۔ اس گروپ کی دشمنی مالک عرف مالو ولد رمضان قوم راجپوت موضع پھلروان گروپ کے ساتھ ہے ۔ ان کے پاس بھی کافی تعداد میں ناجائز اور جدید اسلحہ موجود ہے ۔ یہ دونوں گروپ آپس میں ایک دوسرے کے کئی افراد قتل کر چکے ہیں اور اکثر ان کی آپس میں علاقہ میں باہمی فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے ان دونوں گروپوں ،بدمعاشوں کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ تھانہ نشتر کالونی؛ مولوی عباس اپنے آپ کو نشتر ٹاؤن کا جماعۃ الدعوۃ کا امیر ظاہر کرتا ہے اور بظاہر یہ فرنیچر بنانے کا کام کرتا ہے لیکن اس نے ایک جرائم پیشہ افراد پر مشتمل قبضہ گروپ گینگ بنایا ہوا ہے ۔ تھانہ لیاقت آباد؛ خالد میو، جمیل میو محلہ پرانی آبادی نزد البدر ہسپتال کوٹ لکھپت لیاقت آباد لاہور، مذکوران علاقہ میں مختلف شریف لوگوں کے پلاٹوں اور جگہ پر قبضہ کرتے ہیں جو کہ اس کے خوف و ڈر سے کوئی قانونی کارروائی نہیں کرواتے ۔ انہوں نے البدر ہسپتال کے نزدیک کئی ایک جگہوں پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے ۔ ان کا بھائی شاہد میو جو کہ قبضہ گروپ کا سرغنہ تھا قبضہ کے دوران قتل ہو چکا ہے ۔