نجی سکولز نے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ مستردکر دیا
دخل اندازی ہوئی تو پی ڈی ایم میں شامل ہو جا ئینگے :پرائیو یٹ سکولز،کالجز ایسوسی ایشن
لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار،سٹی رپورٹر)حکومتی اقدامات نے تعلیم کا پہیہ جام کر دیا ، تعلیمی ادا روں کی بندش کسی صورت قبول نہیں ، حکومت نے دخل اندازی کی توپی ڈی ایم میں شامل ہو جا ئیں گے ۔ حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، درس و تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا ،رکاو ٹ ڈا لی گئی تو پنجاب بھر کے پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے ہمراہ پی ڈی ایم میں شامل ہو جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر راجہ الیاس کیانی نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تعلیمی اداروں کی بقا کی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔دریں اثنا آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے بھی نجی تعلیمی اداروں کو دو ہفتے کے لیے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔