اتوارسے منگل تک موسلادھاربارش کا امکان
مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ کی رات سے ملک میں داخل ہوگا اور اتوار کو بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائے گا
لاہور(لیڈی رپورٹر)مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ کی رات سے ملک میں داخل ہوگا اور اتوار کو بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائے گا اور منگل تک موجود رہے گا۔ پیر اور منگل کو خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی شام یا رات سے پیر تک بلوچستان کے مختلف علاقوں ، سندھ میں شہید بینظیر آباد، جیکب آباد،سکھر اور لاڑکانہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اتوار سے منگل تک کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد،راولپنڈی،لاہورسمیت پنجاب بھر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے ۔ گذشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی4 ، کالام منفی2اورگوپس میں0 ۔ استور 1، مالم جبہ2، راولاکوٹ4، قلات، دیر، چترال ، سرینگر5، گڑھی دوپٹہ6، کوئٹہ ، گلگت7، مری، ایبٹ آباد8، مظفرآباد10، اسلام آباد،سیدوشریف11،پشاو ر14،جموں 15، لاہور،بہاولپور، ساہیوال17، ملتان ،ڈیرہ غازی خان، سرگودھا،فیصل آباد18، تربت، جیوانی19،سکھر، حیدرآباد،نوابشاہ،سبی20،کراچی 22ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔