نیب لاہور : 75 ارب سے زائد کی ریکوری، ڈی جی کی چیئرمین نیب کو بریفنگ

نیب لاہور : 75 ارب سے زائد کی ریکوری، ڈی جی کی چیئرمین نیب کو بریفنگ

نیب لاہور نے 2017 سے اب تک کارروائی کی رپورٹ ، بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بغیر دبائو اقدامات اٹھاتے رہیں گے ، 487ارب وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ، قومی و بین الاقوامی اداروں نے تعریف کی ، جسٹس جاوید اقبال

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرِ صدارت اجلاس میں نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر چیئرمین نیب کی جانب سے نیب لاہور کے اقدامات کو بھرپورسراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خا تمے کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دباؤ کے اٹھاتا رہے گا، چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487ارب روپے کرپٹ عناصر سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے جو کہ نیب کی ایک نمایاں کامیابی ہے ،قومی و بین الاقوامی اداروں نے نیب کی شاندار کامیابی کی تعریف کی ، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی،جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب کی قیادت میں 2017 سے اب تک نیب لاہور کی جانب سے ہونیوالی ریکوری کا نیب کے قیام 1999سے 2016 تک کی مجموعی ریکوری سے اعداد و شمار کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کیا گیا، ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں گزشتہ چارسالہ دور میں نیب لاہور کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری، پنجاب کی56 کمپنیوں سے ہونیوالی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری کے علاوہ کمپنیز سکینڈل کی موجودہ صورتحال،ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونیوالی ڈائریکٹ و اِ ن ڈائریکٹ ریکوری،معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ریفرنسز کی صورتحال کے علاوہ ملزمان کو سزائیں دلوانے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، ڈی جی نیب لاہور نے بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ قیادت کے دور میں 2017 سے اب تک نیب لاہور مجموعی طور پر 75 ارب سے زائدکی ریکوری کر چکا ہے جس میں 14.4 ارب ڈائریکٹ جبکہ 66.6 ارب اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پر ملزمان سے برآمد کروائے گئے ہیں تاہم ماضی میں نیب کے قیام 1999سے 2016تک کے 17 سالہ دور میں نیب لاہور نے مجموعی طور پر41ارب 7کروڑ کی ریکوری کی جس میں 17 ارب7 کروڑ ڈائریکٹ اور 23 ارب کی اِن ڈائریکٹ ریکوری شامل ہے ،پنجاب کی 56کمپنیوں کے کیس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیب لاہور نے مذکورہ کیس میں 4 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں جن میں لاہور پارکنگ کمپنی کیس، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کیس اور پنجاب صاف پانی کمپنی ساؤتھ کیس شامل ہیں ، فی الوقت نیب لاہور میں 7کمپنیوں کے کیسز کی انکوائریوں پر تحقیقات آخری مراحل میں ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں