عید پر رشتہ داروں کے ہاں نہ جائیں ، روز 50 ہزار ویکسین لگائی جائے ، وزیراعلٰی سندھ

عید پر رشتہ داروں کے ہاں نہ جائیں ، روز 50 ہزار ویکسین لگائی جائے ،  وزیراعلٰی سندھ

اس سے آبادی کو محفوظ بنایا جاسکے گا، چیف سیکرٹری حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی ویکسی نیشن کرائیں عید کی تعطیلات میں بھی ویکسی نیشن جاری رکھنی کی ہدایت، نیب کو ڈومیسائل چیک کرنے کا اختیار نہیں، ناصر شاہ و دیگر

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اعلٰی سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید سادگی سے منائیں، ترجیحاً گھروں میں رہیں، رشتہ داروں کے ہاں نہ جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایکسپو سینٹر میں ایک اور شیڈ حاصل کرے اور ویکسی نیشن سینٹر کی گنجائش 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روزانہ کردی جائے ، میں چاہتا ہوں کہ صحت کا شعبہ ایک دن میں ایک لاکھ ٹیکے لگانے کی گنجائش پیدا کرے ، اتنے بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن سے آبادی کو زیادہ محفوظ بنانے میں مدد ملے گی،چیف سیکرٹری حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی ویکسی نیشن کرائیں، یہ ہدایات انہوں نے صوبائی ٹاسک فورس برائے کورونا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاایکسپو سنٹر کے ایک شیڈ میں یومیہ 25ہزار ویکسین لگانے کی گنجائش پیدا کی گئی ہے ، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کو آپریشنل رکھا جائے ۔ بعد ازاں وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سراج سومرو نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو ٹاسک فورس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ نیب کے ایک خط سے متعلق سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا نیب سروسز ٹربیونل نہیں کہ ملازمین کے ڈومیسائل چیک کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں