عوامی مفاد کے راستے میں آنیوالا افسر برداشت نہیں:فردوس عاشق

عوامی مفاد کے راستے میں آنیوالا  افسر برداشت نہیں:فردوس عاشق

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عید کے بعد لنگو ٹی کس کر میدان میں اترنے جا رہی ہے جو روایتی گلے سڑے نظام کو تحفظ دے گا اس کی چھانٹی ہو گی،عوامی مفاد کے راستے میں کوئی انتظامی افسر آیا تو زیرو ٹالرنس ہے ۔قانونی ٹیم کی مشاورت سے حدیبیہ پیپر مل کیس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اگر ان کے خلاف کچھ نہیں ہے تو یہ خوفزدہ کیوں ہیں ،دال میں کچھ تو کالا ہے ، حکومت ایف آئی اے کے ذریعے انصاف کا بول بالا کرے گی۔فاؤنٹین ہا ئوس لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کو گھر کی لونڈی بنانے والے آج بھی قانون کو اپنا غلام سمجھتے ہیں ،(ن)لیگ کے حامی چاہتے ہیں کہ قانون چھوٹے افراد کو سالوں سزا دے اور شاہی خاندان کو چھوڑ دے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا کام پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہے ،پالیسی اگر صرف فائلوں میں دفن رہے گی تو اس کو بنانے کا فائدہ نہیں ہے ،پالیسی پر عملدرآمد کے لیے وزیر اعلیٰ نے ہر محکمے کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوامی مفاد کے راستے میں کسی قسم کی کوتاہی پر زیرو ٹالرنس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی طرف سے فاؤنٹین ہاؤس کے مکینوں کو عید مبارک کہنے آئی ہوں ،موجود حکومت کا پسے ہوئے طبقات کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں