ایل اے 27 مظفر آباد : 21 امیدوار میدان میں آگئے، 87 ہزار ووٹرز

ایل اے 27 مظفر آباد : 21 امیدوار میدان میں آگئے، 87 ہزار ووٹرز

ضلع کے 7 نشستوں کیلئے 112 امیدوار مدِ مقابل، انتخابی معرکے میں صرف 2 خواتین انتخابی عمل میں شامل ، ن لیگ کی واحد خاتون امیدوار جیت کیلئے پرعزم،ایل اے 28 مظفر آباد، سیاسی پارٹیوں کا پرانے کھلاڑیوں پر انحصار

لاہور (دنیا الیکشن سیل)آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 27 مظفر آباد 1 کوٹلہ تحصیل پٹہکہ نصیر آباد کے 9 یونین کونسل اور ایک ٹاؤن کمیٹی پر مشتمل ہے ۔ مظفر آباد کی دو یونین کونسل گوجرہ اور ہیت کوٹلی بھی اس حلقے میں شامل ہے ۔ اس حلقے میں انتخابات میں حصہ کیلنے والے کل 21 امیدوار ہیں جن میں سے 8 امیدوار آزاد حیثیت سے میدان میں اتر رہے ہیں۔ اس حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 87 ہزار 694 ہے جن میں سے 48 ہزار 526 مرد ووٹرز جبکہ 39 ہزار 168 خواتین ووٹرز موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے نورین عارف جو 2016 کے الیکشن میں اس حلقے سے کامیاب ہو کر آزاد کشمیر اسمبلی میں وزیر صنعت اور وزیر بہبودِ خواتین رہیں، تحریک انصاف نے میر عتیق الرحمان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے سردار محمد جاید ایوب پر ایک مرتبہ پھر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حلقے کی اہم برادریوں میں میر ، گجر ، راجہ اور اعوان برادری شامل ہیں۔ حلقے میں انتخابات کیلئے کل 166 پولنگ اسٹیشن اور 166 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ایل اے 28 مظفر آباد 2 لچھراٹ میں ملک کی تینوں بڑی جماعتوں سمیت 18 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس انتخابی حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 81 ہزار 537 ہے جن میں سے 44 ہزار 954 مرد ووٹرز جبکہ 36 ہزار 583 خواتین ووٹرز ہیں۔تحریک انصاف نے چوہدری شہزاد محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔ چوہدری شہزاد محمود اس سے وقبل مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر 2016 کے انتخابات میں کامیاب ہو کر وزیر آزاد کشمیر اسمبلی بنے ۔ مسلم لیگ ن نے سید مرتضیٰ گیلانی کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حلقے سے انتخابات کیلئے کل 7 امیدوار آزاد حیثیت سے میدان میں اتر رہے ہیں۔ حلقے میں انتخابات کیلئے کل 156 پولنگ سٹیشن اور 227 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ایل اے 29 مظفر آباد 3 سٹی کا حلقہ آزاد کشمیر کی دارالحکومت مظفر آباد کے شہر اور گردو نواح کے علاقوں پر مشتمل ہے ۔ اس حلقے میں کل 25 امیدوار مد، مقابل ہیں جن میں سے 15 امیدوار آزاد حیثیت سے میدان میں اتر رہے ہیں۔ انتخابی حلقہ مظفر آباد شہر، پلیٹ، امبور، گوجرہ، چھتر دو میل، پترینڈ، ماکڑی، میرا تنولیاں، طارق آباد، خواجہ بازار، مدینہ مارکیٹ، رنجاٹہ، سری درہ اور دھنی کے علاقوں پر مشتمل ہے ۔ حلقے میں انتخابات کیلئے کل 114 پولنگ سٹیشن اور 185 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ حلقہ ایل اے 30 مظفرآباد 4 میں انتخابی میدان میں کل 7 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 56 ہزار 772 ہے جن میں سے 31 ہزار 229 مرد ووٹرز جبکہ 25 ہزار 543 خواتین ووٹرز ہیں۔ حلقہ ایل اے 30 لنگر پورہ سے شروع ہو کر لانگلہ یونین کونسل کے ایک پٹوار یعنی موضوع تک جاتا ہے ۔ تحریک انصاف نے چودھری محمد رشید کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔محمد وزیر نے 2011 کے انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور وزیر شاہرات بنے تاہم بعد میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور اب بلے کے نشان پر میدان میں اتر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو امیدوار نامزد کیا ہے ،حلقہ ایل اے 31 مظفر آباد 5 کھاوڑہ میں ملک کی تینوں جماعتوں سمیت 21 امیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ حلقہ انتخاب تحصیل مظفر آباد کے 19 پٹواروں پر مشتمل ہے ۔ رجسٹرڈ ووٹرز کے لحاظ سے یہ حلقہ ضلع مظفر آباد کا سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 594 ہے جن میں سے 58 ہزار 81 مرد ووٹرز اور 48 ہزار 513 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ حلقہ ایل اے 32 مظفرآباد 6 چکاڑ سے ملک کی تینوں بڑی جماعتوں سمیت دس امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں آئندہ انتخابات کیلئے کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 854 ہے ، جن میں سے 39 ہزار 295 مرد ووٹرز ، 31 ہزار 559 خواتین ووٹرز ہیں۔ تحریک انصاف نے ذیشان حیدر کاظمی کو بطور امیدوار نامزد کیا ۔آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کیلئے مزید چار حلقوں کا اضافہ ہوا تھا جس میں سے ضلع مظفر آباد کے حلقہ ایل اے 33 مظفرآباد 7 لیپا نیا حلقہ ہے ۔ اس نئے حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 67 ہزار 871 ہے جن میں سے 37 ہزار 178 مرد ووٹرز ، 30 ہزار 693 خواتین ووٹرز ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے دیوان علی خان چغتائی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔ دیوان علی خان چغتائی مسلم کانفرنس کے پرانے کارکن تھے اور 2006 کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کے بینر تلے کامیاب ہو کر وزیر برائے یوتھ بھی رہے البتہ 2011 اور 2016 کے انتخابات میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں