ٹریفک حادثات ، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق ، 30 زخمی

ٹریفک حادثات ، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق ، 30 زخمی

کالاشاہ کاکو کے قریب بس الٹ گئی،25زخمی،رجانہ انٹرچینج پر کارحادثے میں حنیفاں، بیٹا ضامن اوربیٹی جنت چل بسے ، روجھان میں کارٹرالرسے ٹکرائی،انیس اوربرکت جاں بحق،جھنگ میں 2افراد،خضدارمیں 5افراد لقمہ اجل بن گئے

فیروزوالا،ٹو بہ ٹیک سنگھ،جھنگ (تحصیل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا)مختلف ٹریفک حادثات میں دو ایف سی اہلکاروں اورخاندان کے تین افرادسمیت 12 جاں بحق جبکہ 30زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کا رہائشی مظاہر حسین اپنی فیملی کے ہمراہ کار پر لاہور جارہا تھا کہ رجانہ انٹر چینج کے قریب کار ٹائر پھٹنے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی ،جس کے نتیجے میں مظاہر حسین کی بیوی حنیفاں،بیٹا ضامن اور بیٹی جنت زہرازخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ،جبکہ مظاہر حسین اور حاذق منیر کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ روجھان میں انڈس ہائی وے شمس آباد پر کار اور ٹریلر میں تصادم سے کار سوار دو ایف سی اہلکار محمد انیس اور برکت علی شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار سبزل زخمی ہوگیا۔ جھنگ چنیوٹ روڈ پر شہابل کے قریب بس کی چھت پر بیٹھے مسافر بجلی کے تار سے ٹکرا گئے ۔ جس کے نتیجے میں 24سالہ فخر امیر، 55سالہ عاطف موقع پر جاں بحق ہوگئے ، 30سالہ آصف شدید زخمی ہو گیا۔ بلوچستان کے علاقہ خضدار کی قومی شاہراہ پر کوچ اور کار میں تصادم سے ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ لاہورسے سیالکوٹ جانے والی بس موٹروے پر کالاشاہ کاکو انٹرچینج کے قریب بریک فیل ہوجانے کے باعث بے قابو ہوکر قلابازیاں کھاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 25مسافر زخمی ہوگئے جبکہ 4کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے ۔قریبی آبادی کے لوگوں نے بس کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا ،حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں