آزاد کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کی نظریں سندھ پر ہیں : شاہ محمود

آزاد کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کی نظریں سندھ پر ہیں : شاہ محمود

سندھ میں کام شروع کردیا ،وزیراعظم کی سربراہی میں حکمتِ عملی بنائیں گے ، سننے میں آیا ہے ن لیگ میں دو بیانیے پائے جاتے ہیں:ملتان میں پریس کانفرنس

ملتان(سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ میں بھی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کی نظریں سندھ پر ہیں جس دن سندھ کے عوام قائل ہوگئے آپ سندھ میں بھی تبدیلی دیکھیں گے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی حکومت قائم کرنے جارہی ہے ۔انہوں نے سندھ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں وزیراعظم کی سربراہی میں حکمتِ عملی بنائیں گے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سندھ کے لوگوں کو ہم ایک متبادل فراہم کریں گے ، سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور انہیں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ ایک متبادل جماعت ہے جو ان کی داد رسی کر سکتی ہے ۔پی پی38 سیالکوٹ عرصہ دراز سے مسلم لیگ(ن)کے کنٹرول میں تھا لیکن عوام نے وہاں کایا پلٹی اور تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار کو منتخب کیا، یہ ایک ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے اور ہمیں اسی ٹرینڈ کو آگے لے کر چلنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے صوبہ سندھ میں کام شروع کردیا ہے اور وزیر اعظم کی سربراہی میں سندھ کے سیاسی رابطوں کے بارے میں حکمت عملی طے پائی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاہم افغانستان میں کسی مسلط کردہ حکومت کے حامی نہیں ۔پاکستان اس مقصد کیلئے افغان قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہے ۔ن لیگ میں اختلافات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سننے میں آیا ہے ن لیگ میں دو بیانیے پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا مہنگائی پر ہمیں بھی تشویش ہے ۔ امید ہے مہنگائی پر جلد قابو پالیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں