مہنگائی کرنے والوں کیلئے 6 ماہ قید اور جرمانہ ، آرڈیننس جاری

مہنگائی کرنے والوں کیلئے 6 ماہ قید اور جرمانہ ، آرڈیننس جاری

مہنگائی کنٹرول کرنے کے فوری فیصلے لینے کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈمینجمنٹ کمیٹی قائم ، کمیٹی فوڈ سکیورٹی پالیسی بنائے گی، نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی اجناس کی دستیابی، سپلائی، قیمتوں کی یومیہ رپورٹ دے گی

اسلام آباد(خبر نگار خصو صی)ملک میں بلا جواز مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ملک گیر سطح پر کارروائی کیلئے پاکستان فوڈ سکیورٹی فلو اینڈ انفارمیشن آرڈیننس کا اجرا کردیا گیا جس کے تحت بلا جواز مہنگائی کرنے ، ذخیرہ اندوزی کرنے یا ملاوٹ میں ملوث افراد کو 6 ماہ قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جا سکیں گی۔ آرڈیننس کے مطابق مہنگائی پر کنٹرول کے فوری فیصلے لینے اور ان پر فوری عملدرآمد کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ مینجمنٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شامل ہوں گے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر دیگر اعلیٰ حکام کو بھی فیصلہ سازی یا عملدرآمد کیلئے کمیٹی میں مدعو کیا جاسکے گا۔ این ایف ایس ایم سی کے سال میں دو اجلاس ہوں گے یا حسب ضرورت اجلاسوں کی تعداد بڑھائی بھی جا سکے گی، فیصلہ سازی کثرت رائے کی صورت میں ہوگی۔ این ایف ایس ایم سی ملک کی پہلی نیشنل فوڈ سکیورٹی پالیسی بنائے گی اور اس پر عملدرآمد کیلئے نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی بنائے گی، ایگزیکٹو کمیٹی وفاقی، صوبائی، ضلعی، تحصیل اور دیگر سطح پر اجناس کی دستیابی، سپلائی اور قیمتوں کی یومیہ بنیاد پر معلومات سیکرٹری کمیٹی کو ارسال کرنے کی پابند ہوگی۔ اس ضمن میں وفاقی اور صوبائی سطح پر ڈیش بورڈز ترتیب دیئے جائیں گے ۔ کمیٹی ملک میں اجناس کی قیمتوں میں یومیہ بنیادوں پر ردوبدل کے علاوہ زرعی اجناس کی امدادی قیمت کا تعین کرے گی۔ نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی وفاقی حکومت، صوبوں اور دیگر اداروں سے براہ راست معلومات لینے میں با اختیار ہوگی، مہنگائی پر کنٹرول کیلئے نیشنل کمیٹی یا ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے والے صوبائی افسران کے خلاف چیف سیکرٹری کارروائی کیلئے با اختیار ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں