افغان امن : دنیا نے پاکستان کے کردار کو سراہا ، امریکی وزیر خارجہ کا بیان افسوسناک : دفتر خارجہ

افغان امن : دنیا نے پاکستان کے کردار کو سراہا ، امریکی وزیر خارجہ کا بیان افسوسناک : دفتر خارجہ

طالبان امریکا معاہدے کے تحت شہریوں کے انخلاء میں مدد کی، تابکاری مواد کی بھارتی سرگر میاں خطے کیلئے خطرہ ہیں ، افغانستان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کیلئے کوئی دبا ئو نہیں ،انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے امن ضروری ،ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد (وقائع نگار)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہاہے کہ پاکستان اپنے فیصلے خود اور آزاد انداز میں کرتا ہے ، کسی کا دباؤ قابل قبول نہیں، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا حالیہ بیان پاک، امریکا تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتا ۔پاکستان نے افغان امن عمل، طالبان امریکا معاہدے کے تحت شہریوں کے انخلاء میں مدد کی،امریکا سمیت پوری دنیا نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کیا۔امریکی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان انتہائی افسوسناک ہے ۔پاکستان نے انتہائی پیچیدہ صورتحال میں کلیدی کردار ادا کیا۔افغانستان کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دبا ئونہیں ،انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے امن ضروری ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کے لئے دوشنبے پہنچ گئے ۔پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ سیاسی، تجارتی تعلقات ، سرمایہ کاری، دفاع، عوامی روابط بڑھانا چاہتا ہے ۔بھار ت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ قابض بھارتی فورسز کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل، نسل کشی، عصمت دری، جنگی جرائم میں ملوث ہیں ۔پاکستان نے 12 ستمبر کو ڈوزیئر کا اجراء کر کے بھارت کا مکروہ چہر ہ بے نقاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں یور ینیم سمیت تابکاری مواد کے پکڑے جانے پر شدید تشویش ہے ۔ہندوستان میں تابکاری مواد کی غیرقانونی سرگر میاں پاکستان ہی نہیں پورے خطے کے لئے خطرہ ہیں اور بھارت کی جوہری صلاحیت پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افعانستان کے ساتھ ماضی کی حکومت کے ساتھ موجود معاہدات ہی آگے چلیں گے ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں وزیراعظم یا وزیر خارجہ کی شرکت بارے مشاورت جاری ہے ۔پاکستان نے جنیوا میں انسانی امدادی کانفرنس کا خیرمقدم کیا ۔افغانستان کے عوام کو انسانی المیہ، غذائی قلت سے ہر ممکن بچانا ہے ۔ پاکستان بلاکس کی سیاست پر یقینی نہیں رکھتا۔پاکستان کے چین اور روس کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں