انگلش ٹیم کا دورہ سکیورٹی وجوہات پر منسوخ نہیں ہوا:ہائی کمشنر

انگلش ٹیم کا دورہ سکیورٹی وجوہات پر منسوخ نہیں ہوا:ہائی کمشنر

پاکستان محفوظ ملک ، دورہ منسوخی برطانوی حکومت نہیں انگلش بورڈ کا فیصلہ ہے ، رمیزکا غصہ سمجھ سکتا ہوں،آئیں ملکر آئندہ سال کرکٹ میلہ سجائیں،کرسچن ٹرنر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے ، انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا یہ افسوسناک دن ہے ، میں خود کو بالکل محفوظ سمجھ رہا ہوں۔ کرکٹ ہمارے خون میں ہے ہم سب افسردہ ہیں، برطانوی ٹیم کو 16 سال بعد پاکستان آنا تھا برطانوی ٹیم کے دورے کے لیے بہت محنت کی، میری سکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، یہ برطانوی حکومت نہیں انگلش بورڈ کا فیصلہ ہے ۔کرسچن ٹرنر نے بتایا ای سی بی نے واضح طور پرکہا کھلاڑیوں کی وجہ سے معذرت کی، برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں اٹھایا گیا، رمیزراجہ اور وسیم خان نے دورے کیلئے بہت کام کیا، یقین دلاتا ہوں آئندہ سال برطانوی ٹیم دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا یقین دلاتا ہوں ٹیم کے دورے کیلئے کام کرینگے ، ہمارے کئی کھلاڑیوں نے پاکستان میں پی ایس ایل کھیلی، ایک بار پھرکہتا ہوں پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا رمیزراجہ کے غصے اورمایوسی کو سمجھ سکتا ہوں، پاکستانی ٹیم نے حال ہی میں دوبار برطانیہ کا دورہ کیا، پاکستانی کھلاڑی کرکٹ کے سچے اور زبردست سفیر ہیں، بطور سفیرمیرا کام دونوں ملکوں کو قریب لانا ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا پاکستان بھر میں سفر کیا، پہاڑوں پر گھوما، گوادر، کراچی میں گھوما ہوں ایک بار پھر کہتا ہوں پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں ہے ، آئیں مل کر کام کریں آئندہ سال کرکٹ کا میلہ سجائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں