مہنگائی :سیاسی جماعتوں ، تاجروں کے احتجاجی مظاہرے ، وکلا کی ہڑتال

مہنگائی :سیاسی جماعتوں ، تاجروں کے احتجاجی مظاہرے ، وکلا کی ہڑتال

ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف سیاسی جماعتوں ، تاجروں نے احتجاجی مظاہرے کئے

کراچی ،لاہور،پشاور (سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ،نیوزایجنسیاں ) خیبرپختونخوا کے وکلا نے عدالتوںمیں ہڑتال کرکے ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ سمیت صوبائی قائدین ،لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے ایک کروڑ بچہ آج بھوکا سو رہا ہے اور موجودہ حکومت نے پوری قوم کو بھوک و افلاس کی جانب دھکیل دیا ہے ۔پیپلز پارٹی پشاور ڈویژن کے صدر لیاقت شباب کی قیادت میں بھی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے مظاہرین سے خطاب میں کہا عمران خان نے غریب عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے روند ڈالا ہے ، شمالی وزیرستان کی بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف میرانشاہ روڈ پر گاڑیاں کھڑی کرکے روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا ۔مظاہرین نے حکومت سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکیداروں سے کرایہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے بصورت دیگر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر خیبرپختونخوا بھر کے وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرائے ۔پشاور ہائیکورٹ کے وکلانے ہائیکورٹ سے اسمبلی گیٹ تک ریلی نکالی ۔سوات بار ، مینگورہ بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے بھی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی جس میں ملاکنڈ ڈویژن کی وکلا تنظیموں کے قائدین ،سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں