پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ، اوکاڑہ میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ

پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ، اوکاڑہ میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ

اوکاڑہ، لاڑکانہ(سپیشل رپورٹر،خبرنگار،بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر ملک بھر کے کسانوں سے اظہاریکجہتی کے لئے اوکاڑہ اورلاڑکانہ میں ٹریکٹرٹرالی مارچ اوردھرنادیا۔

 اوکاڑہ میں مارچ کی قیادت سابق وزیر اعظم ،پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کی۔ سید حسن مرتضیٰ، چودھری سجادالحسن ، نواب طارق پٹھان جیالوں اورہزاروں کسانوں نے شرکت کی۔ ریلی کاآغازجہاز گراؤنڈ سے ہوا، جو مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی پریس کلب چوک پراختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اوکاڑہ کے عظیم کسانوں نے موجودہ حکومت کیخلاف صدائے حق بلند کردی ہے ۔اوکاڑہ پیپلز پارٹی پورے پاکستان کے کسانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے ۔ آج کسانوں کا جس طرح استحصال کیا جا رہا ہے اس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے ۔ کھاد نہیں مل رہی،بجلی مہنگی ہو چکی ہے ۔ اگر کسان خوشحال نہ ہوئے تو کسی کے بھی گھر میں دانے نہیں ہونگے ۔

مہنگائی ،بے روزگاری نے عام انسان کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے ۔ اتنی مہنگائی کے باوجود عمران خان کہہ رہا ہے کہ آج بھی سب کچھ سستا ہے ۔ وقت آگیا ہے اس حکومت کو چلتا کرو۔انکا کہناتھا کہ24 جنوری کو بلاول بھٹو نے پورے پاکستان کے کسانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے ، 27 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی قائد اعظم کے مزار سے احتجاج کا آغاز کریگی۔ قبل ازیں لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 24جنوری کو کسانوں کیساتھ ملک گیر احتجاج ہو گا ، کسان کیلئے باہر نہ نکلے تو تاریخ معاف نہیں کریگی ۔ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق کاشتکار کا با عزت روزگار چاہتی ہے ،بھارتی کاشتکار کے احتجاج پر ہم خوش ہوتے ہیں اپنے کسان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں،تمام مکاتب فکر کو کسانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا جنگ و امن میں صرف کاشتکار نے فوڈ سکیورٹی دی۔کسان کیساتھ اظہار یکجہتی پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی ہے ۔انکے ہر مطالبے کو ہم جائز سمجھتے ہیں ۔ حکومت کی کوئی زرعی پالیسی نہیں،دکاندار،کارخانہ دار تک سراپا احتجاج ہے ،حکومت کسانوں کے مطالبات فوری تسلیم کرے ۔ ادھر لاڑکانہ میں وزیر اعلی ٰسندھ مراد علی شاہ اور ایم این اے خورشید جونیجو کی قیادت میں مارچ اور احتجاجی دھرنا دیا گیا،مراد علی شاہ بیل گاڑی میں بیٹھ کرشریک ہوئے ۔ اس موقع پر خطاب میں وزیر اعلی ٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی دعوت پر ہزاروں کسان بے حس، گونگی اور بہری حکومت کے خلاف نکل آئے ہیں ،حکومت کو نیند سے جگانا ہے ۔

سندھ سے افغانستان یوریاکی سمگلنگ پر حیرت نہیں ہے ان کی عقل اتنی ہی ہے ان کو صرف ایک کام آتا ہے کمانا کیسے ہے ، قلت کیسے کرنی ہے جب سے یہ حکومت آئی ہے چینی ،کپاس سمیت ہر چیز کی قلت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ بلاول بھٹو نے یہاں سب کو بلایا ہے ،24 تاریخ کو پورے پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں ٹریکٹر ہونگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں