اوور سیز سکولز ، کالونیز خلاف ضابطہ سکیورٹی کنٹریکٹ ، انکوائری کا حکم

 اوور سیز سکولز ، کالونیز خلاف ضابطہ سکیورٹی کنٹریکٹ ، انکوائری کا حکم

اسلام آباد (وقا ئع نگارخصوصی)پبلک اکائونٹس کمیٹی نے اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کی جانب سے ہیڈ آفس، سکولوں اور کالونیز کی سکیورٹی کا کنٹریکٹ خلاف ضابطہ د ئیے جانے کے معاملہ کی ایک ماہ میں انکوائری کرانے کا حکم دیتے ہو ئے رپورٹ طلب کر لی۔

رکن  کمیٹی منزہ حسن نے ملک واپس آنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا معا ملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ جو اوورسیز پاکستانی واپس آگئے ہیں، وزارت کی اس حوالے سے کوئی پالیسی ہے ؟واپس آنے والے کو اگر گاڑی خریدنی ہے تو نہیں خرید سکتا، بینک اکائونٹ کھولنا ان کے لئے مشکل ہے ، کوئی پالیسی بنائیں جس سے پتا چلے کہ یہ مسائل ہیں، ان کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں، چیئرمین کمیٹی نے منزہ حسن کو اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی اورحل کے لئے وائٹ پیپر جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

پی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کے سال 2019-20 کے آڈٹ اعتراضات کاجائزہ لیا گیا ، اجلاس کے دوران بات کرنیکی اجازت نہ ملنے پر رکن کمیٹی شیخ روحیل اصغر واک آؤٹ کرگئے ، انہوں نے چیئرمین سے کہا کہ آپ ہمیں بھی بولنے دیں ، شیخ صاحب آپ کی بات کو ہی آگے بڑھا رہا ہوں، رانا تنویر کے جواب پر شیخ روحیل اصغر ناراض ہوکر چلے گئے ۔

کمیٹی میں پیش آڈٹ بریفنگ کے مطابق او پی ایف کی جانب سے ہیڈ آفس، سکولوں اور کالونیز کی سکیورٹی کا کنٹریکٹ خلاف ضابطہ طور پر دیا گیا،آڈٹ حکام نے کہا کہ انہوں نے پیپرا رولز فالو نہیں کئے ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ڈی اے سی میں فیصلہ ہوگیا کہ انکوائری کریں گے ،ایک مہینے میں انکوائری کرکے رپورٹ بھجوا دیں ،رکن کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ جب لوگ باہر سے آتے ہیں فائلر بننے کے لئے ان کوکافی وقت چا ہئے ، آپ ایف بی آر سے بات کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں