عمران خان،پرویزالہٰی ملاقات،الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر اظہار تشویش:الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

عمران  خان،پرویزالہٰی   ملاقات،الیکشن   کی   تاریخ   نہ  دینے   پر   اظہار   تشویش:الیکشن   کمیشن   کے  باہر  احتجاجی   مظاہرہ

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ، نیوز ایجنسیاں )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلی ٰ پرویز الٰہی نے ملاقات کی ،آئندہ سیاسی آپشنز پرمشاورت کی گئی۔

 عمران خان سے پرویزالٰہی کی ملاقات میں سیکرٹری جنرل اسد عمر، فواد چودھری سینیٹر اعظم سواتی ، حماد اظہر بھی شریک ہوئے ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور نے بدعنوان نگران وزیر اعلیٰ کو مسترد کر دیا ، اپنے ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے نفرت، سابق آرمی چیف کا ساتھ دینے والا اور رجیم چینج کی سازش میں ملوث تھا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تقرری غیر جانبدار نگران وزیر اعلیٰ کے تصور کی نفی کرتی ہے ، آج پاکستان میں انصاف اور اخلاقیات کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ۔ عمران ، پرویز الٰہی ملاقات میں الیکشن کمیشن کے اقدامات کے خلاف آئینی آپشنز پر بات چیت کی گئی ۔الیکشن کمیشن کے متنازعہ اقدامات کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ۔اعلٰی عدلیہ سے رجوع کرنے اور سیاسی آٰپشنز پربات چیت کی گئی ۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ نہ آنے پر اظہار تشویش کیاگیا، بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کے معاملات پر ملاقات میں بات چیت کی گئی۔ پرویزالٰہی نے آئندہ سیاسی معاملات کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ادھرسابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الٰہی نے کہاہے کہ عمران خان کرپٹ مافیا کے آگے ڈٹ کر کھڑا ہے ۔ انتخاب میں شکست پی ڈی ایم کا مقدر بنے گی۔سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سابق ارکان پنجاب اسمبلی امیر محمد خان ، طلعت فاطمہ نقوی، ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس ،ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور ایڈووکیٹ امداد حسین چانڈیو نے مشاورتی ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورت حال سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پنجاب میں عام انتخابا ت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

ملاقات میں الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ پر شدید تنقید کی ،پنجاب میں نگران سیٹ اپ میں بڑے پیمانے پربیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کی بھی مذمت کی گئی ۔ پرویزالٰہی کاکہناتھاکہ حکم ہوا ہے کہ 25 مئی والے افسروں کو فوری لگانا شروع کردیں۔ لوگوں کو گرفتار کرنے اور گھروں سے اٹھانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن غیر جانبداری سے شفاف الیکشن کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہے ۔ الیکشن کمیشن کے نگران وزیر اعلی ٰکی تقرری کے متنازعہ فیصلے کو عدلیہ میں چیلنج کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں متنازعہ ترین افسروں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی مخالف شہرت رکھنے والے آفیسرز کو اہم عہدوں ہر تعینات کیا جارہا ہے ۔ قوم عمران خان کے ساتھ ہے ۔ آنے والا وقت صرف عمران خان کا ہے الیکشن کی تاریخ نہ دیکر آئینی ذمہ داری کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب اور ڈسٹرکٹ لاہور کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن کے خلاف پی ایم جی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کارکنوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نامنظور کے نعرے لگائے کارکنوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے ، کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد ، حماد اظہر ، شفقت محمود، اعجاز چودھری ، میاں اسلم اقبال، اعظم سواتی ، میاں محمود الرشید ، شیخ امتیاز محمود، مراد راس ، ولیداقبال مسرت چیمہ ، ندیم بارا ۔ابرارالحق اور ملک ظہیر عباس کھوکھر نے احتجاج کرنے والے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کا متنازعہ فیصلہ منظور نہیں۔ رجیم چینج کے کردار پنجاب پر مسلط کیے جارہے ہیں۔ الیکشن جلد ہوں گے ،پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت لے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ رہنمائوں نے کہاکہ یہ الیکشن چرانا چاہتے ہیں محسن نقوی رجیم چینج کا بنیادی کردار ہے ۔ پاکستان میں تبدیلی محسن نقوی جیسے لوگ نہیں روک سکتے ۔سب سے بڑے صوبے کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا۔ عوام کی جنگ لڑیں گے ،بھاگیں گے نہیں۔ الیکشن کمیشن ن لیگ کی باندی ہے ۔ محسن نقوی کو ہٹایاجائے ، صوبے پر ہمیں دبانے والے مسلط کئے جا رہے ہیں، مخالفین کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،ہم جنگی قیدی اور بھیڑ بکریاں نہیں ہیں تحریک انصاف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ، عمران خان پاکستان کو بچانے کی جنگ لڑ رہا ہے اور اپنی دو صوبائی حکومتیں قربان کر دی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں