شہباز شریف،زرداری ملاقات،متحد ہو کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنیکا عزم

شہباز   شریف،زرداری   ملاقات،متحد  ہو   کر   تمام   چیلنجز   کا  مقابلہ   کرنیکا   عزم

اسلام آباد(سیاسی رپورٹر، دنیا نیوز، آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کی ، دونوں رہنمائوں نے متحد ہوکرتمام چیلنجز کا مقابلہ کرنیکا عزم کیا، آصف زرداری کے وزیر اعظم ہائوس پہنچنے پر شہباز شریف نے خود استقبال کیا۔

وزیر اعظم آفس ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور ایاز صادق،وزیر ریلوے سعد رفیق اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور آصف زرداری نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ اتحادی جماعتیں باہمی اتفاق اور اتحاد سے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کریں گی، ملک کو درپیش معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی، شہبازشریف نے کہاکہ معیشت کی بحالی بڑا چیلنج ہے ،اتحادی حکومت اجتماعی دانش سے تمام مسائل کو حل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی،ملک کو سیاسی و معاشی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں میں مصروف عناصر کو پہلے کی طرح مایوسی اور ناکامی ہوگی۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی ملاقات کی، شہبازشریف نے محسن نقوی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے آپ اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق احسن طریقے سے سر انجام دینگے اور الیکشن کے عمل کو غیرجانبدارانہ اور شفاف بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔علاو ہ ازیں وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم نوجوانوں کی ترقی کے متعدد پروگراموں پر مشتمل ہے ،خواتین، ٹرانس جینڈر اور خصوصی افراد کو اس سکیم سے فائدہ اٹھا کر قومی ترقی میں حصہ لینا چاہیے ، پی پی ای ایف قرضوں اور لیپ ٹاپ سکیم سے لے کر خود روزگار سکیم تک مسلم لیگ( ن )نے میاں نواز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں