کارکنوں کو شیلنگ،گولیاں مارنے پر فخر:رانا ثنا اور بھارتی وزیر داخلہ میں کیا فرق:فواد چودھری

کارکنوں  کو  شیلنگ،گولیاں  مارنے  پر  فخر:رانا ثنا   اور  بھارتی  وزیر  داخلہ  میں  کیا   فرق:فواد  چودھری

لاہور ،جہلم (سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پورے منظم طریقے سے پاکستان کے آئین کو سبوتاژ کیا اور شہریوں کو دیئے گئے آئینی حقوق کو سلب کیا ہے ۔

جہلم میں عوامی اجتماع  سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان پر زبردستی حکومت کر رہا ہے ، جب رانا ثنا اللہ پاکستان کے شہریوں اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر آنسو گیس اور گولیاں مارنے کا فخر سے ذکر کرتا ہے تو رانا ثنا اللہ اور بھارت کے وزیر داخلہ میں کیا فرق رہ جاتا ہے ؟ یہی کام تو بھارت اور کشمیر میں ہو رہا ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اگر جہلم کا ایم این اے غدار تو جہلم کے لوگ غدار بھی ہیں، اگر میانوالی کا ایم این اے غدار ہے تو میانوالی کے لوگ بھی غدار ہیں، اگر مانسہرہ کا سینیٹر غدار ہے تو پھر مانسہرہ کے لوگ غدار ہیں تو پھر پاکستانی کون ہے ؟، اگر ہم لوگ ہی پاکستانی نہیں ہیں تو میں ان عقلمندوں سے پوچھنا چاہتا ہوں آپ اس وقت پاکستان توڑنے کی سازش میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا پرسوں خیبرپختونخوا میں دھماکا ہوا، 100 لوگ شہید ہو گئے اس کے بعد ایک پختونون کی بیٹی شاندانہ گلزار پر غداری کا پرچہ درج کروا دیا، جب مرہم رکھنے کا وقت ہے تم لوگ نمک ڈال رہے ہو، ملک توڑنے کی سازش میں جو بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں وہ پاکستان کے لوگوں کے ساتھ مل کر یہ عمل آگے بڑھانا چاہتی ہیں، حکمرانوں کے ساتھ مل کر عمل بڑھانا چاہتی ہیں۔ فواد نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان میں کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی شہباز شریف کی، نہ ہی زرداری کی کوئی دلچسپی ہے ، پاکستان میں جیسے پہلے حکمران آتے تھے ، وہ علاقوں پر قبضے کرتے تھے لوٹ مار کرتے تھے اور اپنے ملک چلے جاتے تھے ، منگولوں اور نادر شاہ نے کیا کیا تھا، آتے تھے حملے کرکے لوٹ مار کرتے تھے اور واپس چلے جاتے تھے ۔

انہوں نے کہا موجودہ حکمران پاکستان میں صرف لوٹ مار کرنے آتے ہیں، اصل گھر ان کے لندن، دبئی، فرانس، امریکا اور ویسٹرن ممالک ہیں، ان کو پاکستان سے کوئی مطلب نہیں ہے ، جس طریقے سے یہ حکومت کر رہے ہیں، انہوں نے مجھے اغوا کیا اور طاقت کے نشے میں بدمست حکمران 4 دن بعد کہہ رہے ہیں شراب اور چرس کا پرچہ بھی ڈال دو، جو شخص ان سے حقوق مانگتا ہے ، یہ انہیں دیوانہ اور پاگل کہتے ہیں۔فواد نے مزید کہا کہ رات کے اندھیرے میں یہ گھروں میں گھستے ہیں، خاندانوں کی عزتوں کی پرواہ نہیں کرتے ، میں کہتا ہوں رات کے اندھیرے میں تم مجھے مار تو لو گے ، میں اگلے دن تمہیں اخبار کی سرخی میں ملوں گا، عمران خان کے اوپر آپ نے 65 پرچے کٹوائے ، ان کے پلیٹ لیٹس قائم ہیں یہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس نہیں جو نیچے آ جائیں گے ،یہ آخری چند مہینے ہیں، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، پہلے آپ نے پاکستان کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا، عوام کے معاشی حقوق سلب کیے پھر آپ نے شہباز گل، اعظم سواتی، فواد ، شاندانہ اس کے بعد صحافی دوستوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، کیا یہ ڈر گئے ؟، کیا پاکستان کے لوگ ڈر گئے ؟ اس وقت سے ڈرو جب لاکھوں لوگ سڑکوں پر ہوں گے اور تمہیں بھاگنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا جیسے بھارت میں مودی کی زبردستی حکومت ہے ، کشمیر پر ہندوستان نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے ، اسی طرح پاکستان میں ان کی حکومت ہے ، چوں چوں کا مربہ اکٹھا کر کے پاکستان پر زبردستی کی سرکار مسلط کی گئی ہے ۔فواد نے کہا کہ مشرف نے صحیح پہچانا تھا، نواز شریف اور زرداری کے ہوتے ہوئے آئین پر عمل نہیں ہو سکتا، گزشتہ 9 ماہ سے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے ، مشرف نے 1999 میں نواز شریف کو نکال کر پاکستان پر احسان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ،شہباز شریف اور زرداری کو پاکستان سے کوئی دلچسپی نہیں، نواز شریف اور زرداری کو باہر نکالنے کیلئے جو بھی کام ہو وہ جائز ہے ، جب سے یہ حکومت آئی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہی کیا جا رہا ہے ، رات کے اندھیروں میں یہ گھروں میں گھستے ہیں۔ادھر تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ٹکٹوں کے لیے پینلز کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس عمران خان کی زیرصدارت ہوا ،سنٹرل پنجاب ریجن میں گوجرانوالہ ڈویژن کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممکنہ امیدواروں کا جائزہ لیا گیا. پہلے راؤنڈ میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کا جائزہ لیا جا چکا ہے .نارتھ پنجاب اور ویسٹ پنجاب کے تمام اضلاع کا بھی ابتدائی جائزہ چیئر مین کو پیش کیا جا چکا ہے ساؤتھ پنجاب کے ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا ابتدائی جائزہ مکمل ہو چکا ہے ۔اگلے مرحلے میں عمران خان خود سکروٹنی کے بعد پینلز کے حوالے سے حتمی فیصلے کریں گے ۔ادھر عمران خان نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کی ایک درد بھری ویڈیو شیئر کی ۔عمران خان نے انسٹا گرام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حالات پر بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ۔اس ویڈیو میں بھارتی مظالم کے آگے بے بس کشمیریوں کو اپنی دکھ بھری داستانیں سناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔عمران خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ متحرک اور زندہ دل کشمیریوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں وحشیانہ بھارتی قبضے اور جبر کے تحت جینے کا حوصلہ ہی کھو دیا ۔عمران خان نے لکھا ہے کہ انسان صرف آزاد معاشروں میں پروان چڑھتا ہے ،آج آزادی کی قدر کرنے والوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں