کراچی:پرویز مشرف فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک:نماز جنازہ میں جنرل ساحر سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

کراچی:پرویز  مشرف  فوجی  اعزاز  کیساتھ  سپرد   خاک:نماز  جنازہ  میں  جنرل  ساحر   سمیت  ہزاروں  افراد  کی   شرکت

کراچی (سٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں) سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کو منگل کو بعد نماز ظہر فوجی اعزاز کے ساتھ سی ایس ڈی فوجی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ پولو گراؤنڈ، ملیر کینٹ، کراچی میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

 نماز جنازہ میں عزیز و اقارب کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) احسان الحق، سابق آرمی چیفس جنرل (ر) اسلم بیگ، قمر جاوید باجوہ، اشفاق پرویز کیانی، کور کمانڈر کراچی، جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، شجاع پاشا، ظہیر الاسلام، ایئرفورس اور نیوی کے حاضر سروس افسران و ریٹائرڈ آفیسرز، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، مصطفی کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، فیصل سبزواری، امین الحق، عمران اسماعیل، فواد چودھری، امیر مقام، سابق وفاقی سیکریٹری سید انور محمود، سماجی شخصیت جاوید جبار، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات طاہر سید، پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن، جنرل سیکریٹری کنور ارشد علی خان، کراچی کے صدر محمد جمیل احمد خان، صوبائی سیکریٹری اطلاعات محمد صادق شیخ و دیگر افراد اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے نماز جنازہ کے شرکا کی تعداد دس ہزار بتائی ہے ۔ نماز جنازہ کے بعد تدفین کے لیے پرویز مشرف کی میت سخت سیکیورٹی میں گورا قبرستان سے متصل سی ایس ڈی فوجی قبرستان پہنچائی گئی۔ مسلح افواج کے نمائندوں نے قبر پر پھول رکھے اور سلامی پیش کی۔ پرویز مشرف کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بعض افراد دھاڑیں مار کر رو رہے تھے ۔ نماز جنازہ سے قبل قریبی عزیز و اقارب کو جنرل مشرف کا آخری دیدار بھی کرایا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق نماز جنازہ میں 10 ہزار افراد شریک ہوئے ۔ نماز جنازہ اور تدفین میں صدر مملکت، وزیراعظم اور موجودہ آرمی چیف شریک نہیں ہوئے ۔ فوج اور حکومت نے تدفین کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا اور مقامی ٹی وی پر بھی تدفین نہیں دکھائی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں