آواران آپریشن،3دہشت گردہلاک،اسلحہ وبارودبرآمد

آواران آپریشن،3دہشت گردہلاک،اسلحہ وبارودبرآمد

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)بلوچستان کے ضلع آواران کے جنوبی علاقے میں 15 مارچ سے جاری آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آواران میں سرگرم دہشت گرد گروپ کو روکنے کیلئے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن شروع کیا گیا تھا ۔ یہ دہشت گردتربت آواران روڈ اور گردونواح میں فائرنگ اور دیسی ساختہ بم نصب کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں کی کڑی نگرانی کی جس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کی ایک پارٹی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا گیا۔ روکے جانے پر انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تینوں دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں