پرویز الٰہی کے بیٹے ، بہو کی 13ارب کی پراپرٹی و اکاؤنٹس منجمد

پرویز الٰہی کے بیٹے ، بہو کی 13ارب کی پراپرٹی و اکاؤنٹس منجمد

لاہور(اپنے خبر نگار سے )ایڈیشنل سیشن جج لاہور کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلٰی چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی ، ان کی بہو اور فرنٹ مین کی 10 ارب مالیتی جائیداد اور 22بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ۔

 ایڈیشنل سیشن جج چوہدری غلام رسول کی عدالت نے پرویز الٰہی کے خاندان کے ارکان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس، مونس الٰہی کی اہلیہ، چودھری برادران کے فرنٹ مین قیصر بھٹی اور عابد بھٹی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ عدالت نے تمام شریک ملزمان احمد فاران ، محمد رشید، عامر سہیل اور ارشد اقبال کی 10 ارب روپے مالیت کی 17 ہزار 420 کنال اراضی منجمد کرنے کا حکم بھی جاری کیا جب کہ شریک ملزموں کے 22 بینک اکاؤنٹس فریز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جن میں تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے بھیجے گئے ۔ یہ تمام پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس ان تمام ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک فریز رہیں گے ۔ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا کہ تمام پراپرٹیز، بینک اکاؤنٹس ایف آئی اے کی درخواست اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت منجمد کیے گئے ہیں ۔ پراپرٹیز اور اکائونٹس ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک منجمد رہیں گے ۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ کرپشن کا پیسہ مختلف بے نامی بینک اکاؤنٹس اور بے نامی کمپنیوں کے ذریعے لانڈر کیا گیا، گزشتہ دور میں چوہدری فیملی نے فرنٹ مینوں کے ذریعے منی لانڈرنگ سے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں