پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ اپریل تک موخر

پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ اپریل تک موخر

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان ملکی معیشت کے نویں جائزے کے مذاکرات پونے تین ماہ سے مکمل نہ ہونے سے سٹاف لیول ایگریمنٹ نہ ہو سکا جس کے سبب پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے ایگز یکٹو بورڈ کا اجلاس مارچ 2023کی بجائے اپریل2023تک موخر ہو گیا ۔

 ایگز یکٹو بورڈ کے جاری نئے شیڈول میں 27مارچ تک پاکستان کیلئے اجلاس شامل نہیں ہے ۔ معیشت کے نویں جائزے کے مذاکرات پر ڈیڈ لاک ختم کروانے کیلئے پاکستان کی جانب سے امریکا، سعودیہ ، چین اور جاپان سے رابطے کر لئے گئے اور پاکستان کیلئے ایگز یکٹو بورڈ کا اجلاس بلوانے کی کوششیں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ پاکستان میں امریکی سفیر جبکہ امریکی ایڈمنسٹریشن سے وزارت خارجہ کے توسط سے رابطے کئے گئے ۔ چین اور جاپان کی حمایت کیلئے سفارتی چینل سے مذاکرات کر لئے گئے ۔ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کروانے کیلئے پاکستان کو امریکا، چین اور جاپان کی واضح حمایت کی ضرورت ہوگی۔ آئی ایم ایف کے ایگز یکٹو بورڈ پر سب سے زیادہ انفرادی ووٹنگ پاور امریکا کے پاس ہے جو16.50فیصد ہے تاہم امر یکا کی یہ سیٹ خالی ہے ۔ جاپان کے پاس6.14فیصد ، چین کے پاس6.08فیصد ووٹنگ پاور ہے ۔ پاکستان کو جون 2023تک 3ارب ڈالر قرض کی ادائیگی کرنی ہے ، 6ارب ڈالر پرانے قرضوں کی ادائیگی کیلئے مزید مہلت کے آپشنز اختیار کرنا پڑیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں