شہباز شریف فون کرکے مرضی کے فیصلے لکھواتے تھے :پرویزالٰہی

شہباز شریف فون کرکے مرضی کے فیصلے لکھواتے تھے :پرویزالٰہی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )مرکزی صدر تحریک انصاف پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ عدلیہ ،ججوں کیخلا ف سازش سے بازرہے ،شہباز شریف ماضی بھول گئے۔

 فون کرکے مرضی کے فیصلے لکھواتے تھے ، آٹا سٹنٹ کی آڑ میں وزیراعظم قومی خزانے کو چونا لگارہے ، سابق صوبائی وزیر صمصام بخاری، رانا انتظار حسین ، چودھری طاہر اقبال، رائے ظہور احمد کھرل ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی اور تحفظ پر عدلیہ میں کوئی اختلاف نہیں۔ تکنیکی   امور پراداروں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، سب جج صاحبان یکساں طور پر قابل احترام اور آئین کے محافظ ہیں، سفاک حکمرانوں نے سانحہ 25 مئی کی طرح نیا تماشا لگا رکھا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے پورے پاکستان کی جیلوں کی سیر کروائی جا رہی ہے ، ملکی تاریخ میں یہ پہلا رمضان ہے کہ غریب عوام سحر و افطار میں بھی پیٹ بھر کے کھانے کو ترس گئے ہیں، ساہیوال، ڈی آئی خان اور دیپالپور میں مفت آٹے کے چکر میں پچاس سے زائد خواتین ومرد زخمی اور آٹھ قیمتی جانیں ضائع ہوچکیں،آٹا سٹنٹ بھی مال بناؤ پروگرام ہے ۔ شہبازشریف جان بوجھ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہا عمران خان کو چیلنج کرنا سورج کو آنکھیں دکھانے کے مترادف ہے ۔ عمران سے خوفزدہ ہو کر رانا ثناء اللہ ‘‘مارو یا مر جاؤ’’ کے نعرے لگا رہا ہے انہیں ذہنی معائنہ کرانا چاہئے ۔ موجودہ آئی جی سمیت ماڈل ٹاؤن قتل عام کے ماسٹر مائنڈ اور معصوم ظل شاہ کے قاتل کو کبھی چین نصیب نہیں ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں