محسن نقوی کی شجاعت کے گھر جاکر چھاپے پر معذرت،تحقیقات کا حکم

محسن  نقوی  کی  شجاعت  کے  گھر  جاکر  چھاپے  پر  معذرت،تحقیقات  کا  حکم

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

شہباز شریف نے گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اظہار  اطمینان کیا ،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری پر وزیراعظم کو بریف کیا۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ رواں سال گندم کی بھرپور فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہونگے ۔ادھر محسن نقوی عمرے کی ادائیگی کے بعد لاہور واپس پہنچنے کے بعد سینئر سیاستدان و مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور الٰہی روڈگئے -محسن نقوی نے شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے دوران زخمی ہونے والے وفاقی وزیر سالک حسین کی خیریت دریافت کی - چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے -محسن نقوی نے سالک حسین اور شافع حسین سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اوراس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں۔ہم عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں تھے اورآج صبح ہی لاہور واپس آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی فوری تفصیلات حاصل کیں اور انکوائری کا حکم دیاہے ۔ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین ہو گا اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے ۔پرویزالٰہی کے کارکنوں نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراؤکیا۔کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ نگران وزیراعلی ٰپنجاب نے عمرے سے واپسی پر مزار بی بی پاکدامن پر حاضری دی ، نگران وزیراعلی ٰکو توسیعی منصوبے بارے بریفنگ دی گئی ،محسن نقوی نے توسیعی منصوبے کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کردی ،محسن نقوی کاکہناتھاکہ زائرین کے لئے اضافی سہولتیں فراہم کی جائیں۔توسیعی منصوبے کی تکمیل سے زائرین کو بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں