استور،برفانی تودہ گرنے سے 11 خانہ بدوش جاں بحق،25 زخمی

استور،برفانی  تودہ  گرنے  سے 11 خانہ بدوش  جاں  بحق،25 زخمی

استور ، اسلام آباد (دنیا نیوز، سٹاف رپورٹر ، خبرایجنسیاں )استور میں برفانی تودہ گرنے سے 11خانہ بدوش جاں بحق، 25زخمی ہوگئے ،واقعہ شونٹر پاس کے قریب پیش آیا،پاک فوج نے 9لاشیں نکال لیں،13زخمی ہسپتال منتقل کر دئیے گئے۔

مرنے والوں میں خواتین بھی شامل، گلگت کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، وزیر اعظم شہبازشریف،وزیر خارجہ بلاول، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے میں ہلاکتوں پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ، تفصیل کے مطابق شونٹر پاس پر کشمیری خانہ بدوش استور آرہے تھے اس دوران اچانک برف کا تودہ ان پر آگرا،حادثے میں 11افراد جاں بحق ،متعدد ملبے تلے دب گئے ، ریسکیو اور پاک فوج کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں،امدادی کارروائیوں کیلئے این ڈی ایم اے نے پاک فوج کے 2ہیلی کاپٹرز فراہم کردئیے ہیں جو موسم کی جانچ پڑتال کے بعد استعمال ہوں گے ۔ جاں بحق ،زخمی اورلاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے شونٹر ٹاپ سے برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی،وزیر اعظم نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ،پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بھی تودہ گرنے سے ہلاکتوں پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے برفانی تودے کی زد میں آکر قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں