ماؤں بہنوں والے ہیں،برے سلوک کا سوچ نہیں سکتے:یہ کیسے ہو سکتا ہے25 لوگ مرجائیں اور پتہ نہ چلے :محسن نقوی
لاہور (سیاسی رپورٹر سے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور سندس فاؤنڈیشن میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو تحائف اور پھول پیش کئے ۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندس فاؤنڈیشن دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماؤں بہنوں والے ہیں،برے سلوک کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔پورے پنجاب میں پی ٹی آئی کی صرف 11 خواتین جیل میں ہیں۔ ہر گرفتاری کے بعد کم از کم چار دفعہ کاؤنٹر چیک کیا جاتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملزم اور قیدی سے کیا سلوک کرنا ہے ، پولیس اور جیل کا اپنا نظام موجود ہے ۔قیدیوں پر تشدد کے جھوٹے الزام پر آئی جی تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔25 ہلاکتوں کا الزام حقائق کے منافی ہے ، یہ کیسے ہو سکتا ہے لوگ مر جائیں اور پتہ نہ چلے ۔25 ہلاک شدگان کے نام دے دیں، تحقیقات کرائیں گے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ جے آئی ٹی اگر زمان پارک جائے گی تو ملزم کے گھر جا کر تفتیش کرنے کی روایت بن جائے گی۔جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے پر کیا ہوگا، یہ قانون بتائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہسپتال میں ادویات کی کمی کا تاثر درست نہیں۔قبل ازیں سندس فاؤنڈیشن کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھیلے سیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا مریض بچوں کی عیادت کی اور ہر بچے کے پاس جاکر خیریت دریافت کی۔محسن نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیا۔ہسپتال کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری کا رسمی آغاز کیا۔لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے مخصوص جھنڈے کی پرچم کشائی کی۔محسن نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر و بحالی کا کام 90 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 300 تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ ہسپتال سے ملحق مڈ وائفری سکول کی عمارت میں او پی ڈی قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ لیڈی ولنگٹن ہسپتال سے بغیر شیڈول پنجاب ڈینٹل ہسپتال پہنچ گئے ۔
زیر تعمیر پروآرتھوڈوٹکس ڈیپارٹمنٹ، آپریٹو روم او ردیگر شعبوں کا دورہ کیا۔پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی عمارت کو اصل صورت میں بحال کرنے کا حکم دیا۔وارڈز میں موجود پرانے اور فرسودہ طبی آلات کو دیکھ کر تاسف کااظہارکیا۔پنجاب میڈیکل ڈینٹل کالج میں جدید ترین ڈینٹل مشینری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورکا دورہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔پراجیکٹ کی جلد ازجلدتکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ 31 جولائی تک مکمل کیا جائے ۔ پراجیکٹ کی تکمیل میں سست روی کی روش پر ناپسندیدگی کااظہار کیا۔پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کو اگست کے پہلے ہفتے سے قبل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔نگران وزیراعلیٰ نے 3شفٹوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول شادمان کا دورہ کیا۔ کریسنٹ ماڈل سکول کے سابق طالب علم صوبائی وزیر بلال افضل بھی ہمراہ تھے ۔ محسن نقوی اور بلال افضل نے اپنی مادر علمی میں اپنے اساتذہ سے ملاقات کی۔محسن نقوی نے سکول کے مختلف سیکشن کا وزٹ کیااوربچوں سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا۔ نگران وزیراعلیٰ نے بچوں سے مختلف سوال کیے ۔ محسن نقوی نے سکول میں اپنے دور طالب علمی کی یادیں تازہ کیں اوران کلاس رومز کا دورہ کیا جہاں وہ خودپڑھتے رہے ۔ محسن نقوی نے اپنے اساتذہ کے ساتھ خصوصی طورپر تصویریں بنوائیں۔ محسن نقوی نے سکول کے سپورٹس ملازم ا کبر کودیکھ کر پاس بلایا اورگلے لگاکرحال پوچھا۔ نگران وزیراعلیٰ سے ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک ترکیہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ترکیہ کے انتخابات میں رجب طیب اردوان اور ان کی جماعت کی کامیابی پر ترکیہ کے قونصل جنرل کو مبارکباد دی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اورعوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔